Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش کھلاڑی ’صحت مند‘ قرار، آج راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان سے سامنا ہوگا

پی سی بی کے مطابق ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے مزید معلومات جمعرات کی صبح شیئر کی جائیں گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ شیڈول کے مطابق آج جمعرات کی صبح دس بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی طرف سے چار کھلاڑی آج انگلینڈ کے خلاف اپنا ڈیبیو کریں گے جن میں سعود شکیل، محمد علی، حارث روف اور زاہد محمود شامل ہیں۔ 
خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی وبائی بیماری میں مبتلا ہونے کے معاملے کو ڈسکس کیا۔
 ’پی سی بی اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ پہلے ٹیسٹ کی شروعات کا فیصلہ جمعرات کی صبح ساڑے سات بجے کیا جائے گا۔‘ 
بیان کے مطابق دونوں بورڈز نے مذکورہ فیصلہ انگلینڈ کے ڈاکٹرز کی جانب سے دیے گئے مشورے کے بعد کیا جو کہ کھلاڑیوں کی صحت اور فلاح پر مبنی ہے۔
’دونوں بورڈ نے اتفاق کیا کہ اگر انگلینڈ سکواڈ کے کھلاڑی جمعرات کی صبح تک صحت یاب نہ ہوئے تو پھر ٹیسٹ میچ جمعے کو شروع ہوگا اور میچ پانچ روزہ ہی ہوگا۔‘
پی سی بی کے مطابق ’اس صورت میں ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ اور کراچی میں تیسرے ٹیسٹ کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا اور دونوں میچز بالترتیب 9 دسمبر سے 13 اور 17 دسمبر سے 20 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے مزید معلومات جمعرات کی صبح شیئر کی جائیں گی۔
انگلیڈ کے کچھ کھلاڑیوں کے وائرل انفیکشن کا شکار ہونے کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہوگئے تھے۔
اس سے قبل پی سی بی نے کہا تھا کہ ’وہ انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہے اور حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بارے میں مزید معلومات مناسب وقت پر دی جائیں گی۔‘
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے روابط کی تصدیق کی تھی۔
 انگلش بورڈ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ ’پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک دن قبل ان کی ٹیم کے کپتان بین سٹوکس سمیت متعدد کھلاڑیوں کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔‘
بدھ کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ ’ٹیسٹ سکواڈ کے متعدد کھلاڑی آج ہوٹل ہی میں رہیں گے جبکہ ہیری بروک، زیک کرالے، کیٹن جیننگز، اولی پوپ اور جو روٹ پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گے۔‘
یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو راولپنڈی میں شروع ہونا ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان اور تیسرا کراچی میں شیڈول ہے۔

شیئر: