Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اورکزئی میں کوئلے کی کان میں حادثے کا ذمہ دار کون؟ انکوائری کمیٹی تشکیل

وزیراعلٰی محمود خان نے ڈولی واقع کا نوٹس لے کر انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
ضلع اورکزئی کے علاقے ڈولی میں بدھ کو کوئلے کی کان میں دھماکے سے نو مزدور ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نذیر خان کے مطابق کان کن کوئلہ نکالنے میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا اور ملبہ کان کنوں پر گر گیا۔
ریسکیو ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملبے سے نو افراد کی لاشیں نکالی گئیں جس میں مائن ٹھیکیدار کی لاش بھی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں سے چار مزدوروں کو تعلق شانگلہ سے، ایک اپر دیر، ایک میانوالی اور تین کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے۔‘
اس معاملے پر مشیر برائے معدنیات عارف احمد زئی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’فائر ڈمپ دھماکے کے بعد زہریلی گیس جمع ہونے سے اموات ہوئی ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘
وزیراعلٰی محمود خان نے ڈولی واقعہ کا نوٹس لے کر انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جس پر عمل کرتے ہوئے سیکریٹری معدنیات نے انسپکٹر مائنز کو معطل کر کے ڈپٹی سیکریٹری آپریشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی کو 15 دن کے اندر حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کان کنوں کے تحفظ کے لیے سنہ 2019 میں مائن سیفٹی اینڈ ریگولیشن ایکٹ منظور کیا تھا جس پر عمل درآمد نہ کرنے پر متعدد لیز منسوخ کی جا چکی ہیں۔

شیئر: