Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روشنیاں، رقص اور جشن‘ امریکی سفارتکار کی لاہوری شادی میں شرکت

پبلک ڈپلومیسی آفیسر کارل روجر نے پاکستانی شادی میں شرکت کی۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے شہر لاہور میں امریکی قونصل خانے میں تعینات پبلک ڈپلومیسی آفیسر کارل روجر نے ایک ویڈیو میں پاکستانی عوام سے تجاویز مانگیں کہ انہیں کون کون سی جگہیں دیکھنی چاہیں۔
قونصلیٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ ہونے والی ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا کہ شادی سیزن ہے اور کالر روجرز نے لاہور میں ایک مقامی شادی کی تقریب میں شرکت کی ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی رائے لی گئی کہ کارل پاکستان میں رہتے ہوئے کن لوگوں سے ملیں اور کونسے مقامات کا دورہ کریں۔
ویڈیو میں کارل روجرز نیلے رنگ کا کرتا پہنے شادی میں بھنگڑا سٹائل ڈانس کر رہے ہیں۔
بلکہ ایک جگہ پر تو وہ دولہے کو مٹھائی بھی کھلا رہے ہیں، جو دراصل مہندی کی تقریب لگ رہی ہے۔
ویڈیو میں کارل نے اردو زبان میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’شاندار شادی ہے۔ روشنیاں، رقص اور جشن کا سماں ہے۔ پنجاب کی روایات سے لطف اندوز ہونا اعزاز کی بات ہے۔‘
ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی پنجاب کے خوبصورت مقامات دیکھ سکیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے مل سکیں۔
’لیکن اس وقت گرم بریانی کی پلیٹ میرا انتظار کر رہی ہے جو میں کھانے جا رہا ہوں۔‘
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور ساتھ ہی امریکی سفارتکار کو چند مشورے بھی دیے۔
ٹوئٹر صارف جیاد شیخ نے مشورہ دیا کہ بریانی کھانے انہیں کراچی جانا پڑے گا اور ساتھ ہی انہیں دعوت بھی دی کہ جب بھی کراچی آئیں تو ان کے مہمان بنیں۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے ویڈیو پر کمینٹ لکھتے ہوئے لکھا ’بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بالکل اسی طرح جیسے امریکہ پاکستان کی سیاست میں مداخلت کرتا ہے۔‘
روبینہ علیم نامی صارف نے کمینٹ کیا کہ کارل روجرز سنگل ہیں جس پر ایک اور صارف نے مذاق کرتے ہوئے کہا ’اس پر لائن نہ ماریں،‘ جس پر روبینہ نے ہنستے ہوئے کہا ’کیوں نہ ماروں، انہوں نے ہمارے سارے سسٹم کو لائن ماری ہوئی ہے۔‘
صارف افشاں عباسی نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی لباس آپ پر سب سے زیادہ اچھا لگتا ہے۔‘

چند دن پہلے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنز نے بھی اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں رکشے میں سوار ہوتے ہوئے ڈرائیور سے پوٹھوہاری زبان میں بھی بات کر رہے ہیں۔

شیئر: