Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا کا پاکستانی ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار 

تیسرا بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ 6 دسمبر سے انڈیا کے میں شروع ہو رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی وزارت خارجہ نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے کے لیے این او سی جاری کرنے سے معذرت کر لی ہے جس کے باعث بلائنڈ ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی نمبر ون ٹیم ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔ 
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایوسی ایشن کے چیئرمین سلطان شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’انڈیا کی وزارت خارجہ نے سیاسی بنیاد پر پاکستان ٹیم کو ویزے کے لیے این او سی جاری کرنے سے معذرت کی ہے۔‘
سلطان شاہ کے مطابق ’پاکستان شیڈولڈ بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ویزوں کا انتظار کر رہا تھا تاہم وزارت خارجہ کی جان سے معذرت کے بعد اب ٹیم پاکستان ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائے گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں رنر اپ رہ چکی ہے اور اس کا شمار نمبر ون ٹیموں میں ہوتا ہے۔
سلطان شاہ نے مزید کہا کہ انڈیا کے اس رویے کے خلاف عالمی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا اور آئندہ انڈیا کو کسی بھی عالمی کپ کی میزبانی نہ دینے کی درخواست کریں گے۔ 
انہوں نے بتایا کہ انڈیا کی طرف سے تمام ٹیموں کو ویزے دینے کی یقین دہانی پر ہی تیسرے بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ تیسرا بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ 6 دسمبر سے انڈیا کے شہر فرید آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ 
ایونٹ میں میزبان انڈیا سمیت 7 ٹیموں نے شرکت کرنا تھی جس میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور پاکستان شامل ہیں۔
پاکستان کی عدم شرکت کے بعد اب ایونٹ 6 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 7 دسمبر کو میچ شیڈول تھا۔ عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر یوراج سنگھ ایونٹ کے برینڈ ایمبیسڈر ہیں۔

شیئر: