Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے ہر قسم کا تعاون کریں گے: سعودی سفیر

سعودی سفیر نے کہا کہ ’ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں‘ (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے جلد مزید معاشی تعاون کی توقع ہے، تاہم سعودی عرب سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔  
اسلام آباد میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تین ارب ڈالر کی ڈیپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے۔  
انہوں نے کہا کہ ’ہم (سعودی عرب) سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہے۔ ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان آئیں گے۔‘  
سعودی سفیر نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔‘  
اس سے قبل بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے یونیورسٹی کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا۔  
ان کا کہنا تھا کہ ’اس سے نہ صرف بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو فائدہ ہوگا بلکہ مجموعی طور پر پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہتری آئے گی۔ پاکستانی طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔‘
تقریب سے خطاب کے دوران یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے بتایا کہ ’سعودی عرب کے تعاون سے اسلامی ترقیاتی بینک نے یونیورٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی اور بزنس ایکسیلینس پارک بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ آسان شرائط پر 15 سال کے لیے قرض ہوگا جس سے کئی کنال پر مشتمل آئی ٹی اور بزنس ایکسیلینس پارک تعمیر کیا جائے گا۔‘
’اس پارک میں جدید علوم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ اور اداروں کے مابین روابط کے مراکز سمیت طلبہ کو خود کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرنے لیے کونسلنگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس پارک کے لیے علیحدہ سے رہائشی یونٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔‘

شیئر: