Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی ’جھوٹی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی‘

پی بی سی سی کے مطابق ’گزشتہ روز کی خبر دل گرفتہ پاکستانی بلائنڈ ٹیم کے زخموں پر نمک پاشی کے علاؤہ کچھ نہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے ایک انڈین نیوز ایجنسی کی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ انڈین وزارت داخلہ نے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو انڈیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
منگل کو  پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے کہا تھا کہ ’وزارت داخلہ نے 34 پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ویزے کی منظوری دی ہے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انڈین  وزارت خارجہ ویزے جاری کرے گی۔‘
بدھ کو پی بی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ’یہ جھوٹی خبر انڈین میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی۔ ویزے جاری کرنے کی اس خبر سے عوام اور پاکستانی اور انڈین صحافیوں میں بوکھلاہٹ پیدا ہوئی۔‘
’پی بی سی سی نے گذشتہ روز یہ واضح کیا تھا انڈین وزارت خارجہ نے سیاسی بنیادوں پر پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے۔ پاکستانی ٹیم نے آج (بدھ) کو انڈین ایمبیسی سے پاسپورٹ واپس لینے کی ای میل کے بعد اپنے پاسپورٹ واپس لے لیے ہیں اور ان پر ویزہ نہیں ہے۔‘
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’گذشتہ روز کی خبر دل گرفتہ پاکستانی بلائنڈ ٹیم کے زخموں پر نمک پاشی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ انڈین سرکاری میڈیا کی جانب سے اس پروپیگنڈے کا مقصد انٹرنیشنل سپورٹس کو پسند کرنے والوں، فیڈریشنز اور ممالک کو دھوکہ دینا ہے، اب پاکستان انڈیا جانا ہی نہیں چاہتا۔‘
’دھوکہ دہی پر مبنی اس خبر کا مقصد انٹرنیشنل کمیونٹیز کی جانب سے شدید دباؤ کو کم کرنا تھا، کیونکہ وہ ٹی20 ورلڈ میں پاکستانی ٹیم کو سیاسی بنیادوں پر ویزے نہ دینے پر انڈیا کی مذمت کر رہے تھے۔
مزید کہا گیا کہ ’پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم اس وقت ٹی20 بلائنڈ کرکٹ میں نمبر ون پوزیشن پر ہے، اور سیاسی بنیادوں پر ویزے جاری نہ کرنے کا مقصد ہمیں ورلڈ ٹائٹل سے محروم کرنا ہے جس کے عالمی کھیلوں پر گہرے اثرات ہوں گے۔‘

شیئر: