Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی جمعیت علمائے اسلام میں شامل

جمعیت علمائے اسلام کے امیر و پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’بلوچستان میں وسائل ہیں لیکن ان پر یہاں کے عوام کا اختیار نہیں ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان بدھ کو سراوان ہاؤس کوئٹہ میں چیف آف سراوان اور سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔
 ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ اور یورپ سے دوستی کے لیے تیار ہیں لیکن غلامی قبول نہیں۔‘
’بیرونی قوتیں ہم پر اپنی مرضی کی حکومتیں مسلط، اختیارات پر قبضہ، پارلیمنٹ سمیت دیگر معاملات میں مداخلت کرتی ہیں، ہمیں ان کا راستہ روکنا ہوگا اور اپنی حکومت بنانے کے لیے محنت کرنا پڑے گی۔‘
انہوں نے اپنی جماعت میں شمولیت پر نواب اسلم رئیسانی اور ان کے ساتھیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کا پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ تاریخی اور عظیم الشان ہے۔‘
’ریکوڈک منصوبے پر پاکستان اور بلوچستان کے مفاد پر اگر نواب اسلم رئیسانی نے موقف اختیار کیا اور لڑے جبکہ باہر کی قوتوں اور ہمارے اپنوں نے ان کی حکومت ختم کردی۔‘
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اپنی خودمختاری کے حوالے سے امریکہ اور یورپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ دوستی کرنی ہے تو ہم تیار ہیں لیکن آقا اور غلام کے تعلق سے انکار کرتے ہیں، ہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔‘

شیئر: