Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ، قطر میں سیاحوں کی آمد توقع سے کم رہی

پہلے 52 میچوں میں سٹیڈیم میں 26 لاکھ 50 ہزار شائقین موجود تھے (فوٹو: اے پی)
فیفا ورلڈ کپ کے منتظمین کی رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران صرف 765,000 سیاحوں نے قطر کا رخ کیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے فیفا ورلڈ کپ کے منتظمین کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران آنے والے غیرملکیوں کی یہ تعداد ملک کی توقعات سے کم ہے۔
توقع کی جا رہی تھی کہ اس ایونٹ کے لیے دنیا بھر سے 12 لاکھ سیاح قطر کا رخ کریں گے۔
20 نومبرکو شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں سیاحوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا امکان نہیں ہے۔
منتظمین نے اس سے قبل بتایا تھا کہ 24 سے 28 نومبر تک گروپ مرحلے کے دوران بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے جب 32 ٹیمیں روزانہ چار میچ کھیل رہی تھیں۔
سات دسمبر کی رپورٹ سپریم کمیٹی فار ڈیلیوری اینڈ لیگیسی نے تیار کی تھی جو ٹورنامنٹ کا اہتمام کرتی ہے، اور کہا ہے کہ ’ورلڈ کپ کے پہلے 17 دنوں میں 765,859 بین الاقوامی مہمان آئے جن میں سے نصف سے زیادہ اب روانہ ہو چکے ہیں۔‘
رپورٹ میں 18 دسمبر کو ختم ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے 13 لاکھ 30 ہزارمیچ ٹکٹ ہولڈرز اور قطر کے آٹھ سٹیڈیمز میں 30 لاکھ نوے ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے۔
ایک قطری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان اعدادوشمار کی تصدیق کی۔  
قطر میں ہونے والا یہ ایونٹ جو مشرق وسطیٰ میں منعقد ہونے والا پہلا ٹورنامنٹ ہے، ٹکٹوں، ہوٹلوں اور شراب کے لحاظ سے مہنگا ترین سمجھا جاتا ہے جس کی فروخت پر پابندی ہے۔
قطری عہدیدار نے بتایا کہ ’مقابلے میں ایک ہفتے سے زیادہ وقت باقی ہے، کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے ممالک سے نئے مہمانوں کی ایک لہر آنا شروع ہو گئی ہے۔‘
توقع ہے کہ مقبول میچوں کے لیے اور ملک کی جانب سے خلیجی ریاستوں کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے داخلے کی پابندیاں ختم کیے جانے کے بعد مزید سیاح قطر آئیں گے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پہلے 52 میچوں میں مجموعی طور پر سٹیڈیم میں 26 لاکھ 50 ہزار شائقین موجود تھے۔
منگل کے روز سینکڑوں مراکشی شائقین سپین کے خلاف اپنی ٹیم کی فتح سے قبل خصوصی پروازوں کے ذریعے قطر پہنچے۔

شیئر: