ملتان میں راولپنڈی کا حساب برابر کرنے کی کوشش کریں گے: بابر اعظم
ملتان میں راولپنڈی کا حساب برابر کرنے کی کوشش کریں گے: بابر اعظم
جمعرات 8 دسمبر 2022 12:20
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ’راولپنڈی ٹیسٹ ہمارے ہاتھ میں آگیا تھا مگر جیت نہیں پائے، کوشش ہو گی ملتان میں جیت کر سیریز برابر کر دیں۔‘
جمعرات کو ملتان میں نیوز کانفرنس کے دوران جب اُن سے پوچھا گیا کہ راولپنڈی میں انگلینڈ نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی، اس مرتبہ آپ کی کیا حکمت عملی ہے؟
اس پر ان کا کہنا تھا کہ ایک لمبی پلاننگ ہوتی ہے جو ایک میچ پر تبدیل نہیں ہوتی تاہم ہماری کوشش ہو گی کہ صورت حال کی مناسبت سے کھیلیں۔
شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی انجری کے باعث سیریز سے علیحدگی کے حوالے جب پوچھا گیا کہ نسیم شاہ پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جا رہا؟
اس کے جواب میں بابر اعظم نے بتایا کہ ہمارے فاسٹ بولرز نے پچھلے کچھ عرصے کے دوران تینوں فارمیٹس کھیلے، اس لیے لوڈ پڑ سکتا ہے۔
جب شاہین آفریدی اور حارث کی جگہ کھلائے جانے والے بولرز کے بارے میں پوچھا گیا کہ محمد وسیم اور فہیم میں کسی کو کھلایا جا سکتا ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’مجھے لوگوں کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لوگوں کا کام ہی باتیں کرنا ہے۔‘
’میری جو ذمہ داری ہے اس کو پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔ جو میچ گزر گیا اس پر نہیں بلکہ آنے والے میچ پر فوکس کر رہے ہیں۔‘
ملتان ٹیسٹ کے ممکنہ سکور کے حوالے سے پوچھا گیا تو بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابھی سے کچھ کہنا بہت مشکل اور قبل از وقت ہو گا کیونکہ یہ پانچ روز پر مشتمل میچ ہے، جس میں ہر سیشن میں صورت حال تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا راولپنڈی میں پاکستان نے جارحانہ انداز کے جواب میں دفاعی انداز اختیار کر غلطی نہیں کی؟
اس کے جواب میں بابر اعظم نے بتایا کہ ہر ٹیم کا اپنا انداز ہوتا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ’ہاں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں اور ہم ان سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہارے جانے والے میچ کے بعد ٹیم اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کرتی ہے اور اس بار بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’بطور کپتان میری کوشش ہو گی کہ اپنا بیسٹ دوں اور میچ جیتیں۔‘
خیال رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے 74 رنز سے جیت لیا تھا۔ دوسرا ٹیسٹ کل سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے۔ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔