Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں صحافیوں کے قتل کے واقعات، گزشتہ برس کی نسبت 30 فیصد اضافہ

اس وقت دنیا میں 375 صحافی زیرحراست ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
رواں سال دنیا میں صحافیوں کے قتل کے واقعات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعے کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022 میں دنیا بھر میں 67 صحافیوں کو کام کے دوران قتل کیا گیا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق گزشتہ برس یہ تعداد 47 تھی۔
برسلز میں قائم انٹرنیشنل فیڈریشن کی رپورٹ کے مطابق روس یوکرین جنگ، ہیٹی میں شورش اور میکسیکو میں جرائم پیشہ گروپس کی کارروائیوں کے باعث صحافیوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دنیا میں 375 صحافی زیرحراست ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد چین میں گرفتار صحافیوں کی ہے۔
میانمار اور ترکی میں بھی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد زیر حراست ہے۔
گزشتہ برس کے دوران 365 صحافی اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے باعث گرفتار کیے گئے تھے۔
میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف تشدد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور آزادی صحافت کے لیے اقدامات کریں۔
آئی ایف جے کے جنرل سیکریٹری انتھونی بیلنگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کو ’تحفظ دینے میں ناکامی صرف ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معلومات کے آزادانہ بہاؤ کو روکنا چاہتے ہیں اور شہریوں کی اپنے لیڈروں کا احتساب کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق حکومتوں کو اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ طاقت اور اثر و رسوخ رکھنے والے کھلے اور جامع معاشروں کی راہ میں حائل نہ ہوں۔
آئی ایف جے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال سب سے زیادہ صحافی یوکرین میں مارے گئے جن کی تعداد 12 ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق گزشتہ برس 47 صحافیوں کو قتل کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ان میں سے زیادہ تر کا تعلق یوکرین سے تھا تاہم دیگر قومیتوں کے صحافی بھی شامل تھے جیسے کہ امریکی ڈاکومینٹری فلم میکر برینٹ رینارڈ بھی جنگ کے دوران مارے گئے۔
یوکرین میں زیادہ تر صحافیوں کے قتل کے واقعات جنگ کے ابتدائی ایام میں پیش آئے تاہم جنگ کے طول کھینچنے کے ساتھ صحافیوں کو لاحق خطرات برقرار ہیں۔
آئی ایف جے کے مطابق پاکستان میں رواں سال پانچ صحافی قتل کیے گئے۔ گروپ نے کولمبیا میں صحافیوں کو بڑھتے خطرات سے خبردار کیا ہے۔

شیئر: