Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسئلہ کشمیر ہماری ترجیح میں شامل ہے‘، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

سیکریٹری جنرل حسین طٰہٰ نے مظفرآباد میں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی (فوٹو: پاکستانی دفتر خارجہ)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہٰ نے کہا ہے کہ ’مسئلہ کشمیر اسلامی ممالک کی بین الحکومتی تنظیم کی ترجیحات میں شامل ہے۔‘
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے یہ بات اتوار کو متنازع ریاست جموں کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقعے پر کہی۔
حسین ابراہیم طٰہٰ سنیچر کی صبح پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ او آئی سی تنازع کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے پاکستانی موقف کا دیرینہ حامی ہے۔
او آئی سی نے 1994 میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے شہریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے لیے ایک رابطہ گروپ بھی تشکیل دیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اتوار کو اپنے لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر کے دورے کے دوران سیکریٹری جنرل حسین طٰہٰ نے مظفرآباد میں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
بعدازاں انہوں نے کراس بارڑ فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور لواحقین سے بھی ملاقات کی۔
اس موقعے پر حسین ابراہیم طٰہٰ نے کہا کہ ’کشمیر کا مسئلہ او آئی سی کی ترجیحات میں شامل ہے اور میرے پاکستان اور اے جے کے دورے کا مقصد دنیا کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرانا ہے۔‘
‘میں یہاں او آئی سی کے رابطہ گروپ کے ارکان سے ساتھ آیا ہوں اور میں نے ان علاقوں کا دورہ کیا تاکہ میں حالات کا جائزہ اپنی آنکھوں سے لے سکوں۔ اس دوران میری ملاقات انڈین فوج کے مظالم کا شکار ہونے والے شہریوں سے بھی ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں اور عالمی برادری میں کشمیر کے پرامن حل کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔‘

شیئر: