Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میسی یا رونالڈو، فرانسیسی سٹرائیکر مباپے کا پسندیدہ کھلاڑی کون؟

مباپے اور میسی آج رات ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئیں گے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کی رات کو لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائن اور کیلن مباپے کی ٹیم فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس سے قبل سوشل میڈیا کے تمام پیلٹ فارمز پر دونوں بڑے کھلاڑیوں کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔
فرانس کے 23 سالہ کیلن مباپے اور لیونل میسی دونوں ہی فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے لیے کھیلتے ہیں اور فٹ بال فیلڈ میں دونوں میں بہت دوستانہ تعلقات بھی نظر آتے ہیں۔
لیکن کیلن مباپے کے سابق ٹیم میٹ عبدو ڈلاؤ کے مطابق وہ لیونل میسی سے زیادہ پرتگالی سٹرائکر کرسٹیانو رونالڈو کو پسند کرتے ہیں۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کو ایک انٹرویو کے دوران پی ایس جی کے سابق ڈیفینڈر عبدو ڈلاؤ کا کہنا تھا کہ ’مباپے کسی سے بھی گھنٹوں بحث کر سکتے ہیں اگر کوئی ان سے کہے کہ میسی پرتگال کے رونالڈو سے بہتر ہیں۔‘
مباپے کے سابق ٹیم میٹ کا کہنا تھا کہ جب بھی میسی اور رونالڈو کے درمیان موازنہ ہوتا ہے تو مباپے کہتے ہیں کہ ’کوئی رونالڈو کو چھو بھی نہیں سکتا۔‘
خیال رہے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مراکش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم کروشیا کو سیمی فائنل میں شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔
پرتگال کے 37 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت کسی بھی فٹ بال کلب کے ساتھ منسلک نہیں ہیں لیکن بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق وہ اپنے سابق کلب ریال میڈرڈ کے گراؤنڈ میں پریکٹس کر رہے ہیں۔

شیئر: