Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عظیم فٹ بالر لیونل میسی کا خواب شرمندہ تعبیر، ارجنٹائن کو تیسری مرتبہ چیمپیئن بنا دیا

 سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر میسی کے بارے میں تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان اعصاب شکن مقابلے میں ارجنٹائن کے سپر سٹار لیونل میسی نے ایک مرتبہ پھر سے اپنا لوہا منوا دیا ہے۔
فرانس کے خلاف فائنل میں میسی نے دو گول کیے اور اس طرح ٹورنامنٹ میں انہوں نے سات گول کیے، جبکہ ورلڈ کپ کیریئر میں ان کے 13 گول ہو گئے۔
لیونل میسی نے اس ورلڈ کپ میں گروپ سٹیج، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل میں گول کیے۔
35 سالہ سپرسٹار کسی بھی فٹبال ورلڈ کپ میں ہر ناک آؤٹ میچ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے اس ٹورنامنٹ میں 6 میں سے 4 گول پینلٹی کِکس پر کیے ہیں جبکہ انہوں نے ٹیم کے لیے گول کرنے میں ساتھی کھلاڑیوں کی تین مرتبہ مدد کی ہے۔
میسی ارجنٹائن کی جانب سے مجموعی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک کے لیے اب تک 97 گول کیے ہیں۔
اس کے علاوہ میسی نے 7 مرتبہ فٹبال کا معتبر ایوارڈ بالن ڈور بھی اپنے نام کیا ہوا ہے۔
میسی سپین کی فٹبال لیگ لا لیگا میں بارسلونا فٹبال کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے 778 میچز میں 672 گول کیے ہیں جبکہ فرانسیسی لیگ ون کی ٹیم پیرس سینٹ جرمن کی جانب سے انہوں ںے 53 میچز میں 23 گول سکور کیے ہیں۔
یوں ارجنٹائن کے سپرسٹار فٹبالر نے اپنے انٹرنیشنل اور لیگ کیریئر میں 1002 میچ کھیل کر 792 گول کیے ہیں۔
میسی نے بارسلونا کے لیے اپنے شاندار کیریئر میں 35 ٹرافیاں جتوائیں جبکہ موجودہ کلپ پی ایس جی کو انہوں نے ٹائٹل جتوایا اور 2021 میں ارجنٹائن کو انہوں نے کوپا امریکہ کا ٹائٹل جتوا دیا۔
 سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لیونل میسی کے بارے میں تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کوپا 90 نامی ہینڈل کی جانب سے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں میسی کے گول کے وقت پورا شہر شور سے گونج اٹھا ہے۔
ٹی جی اوموری لکھتے ہیں کہ ’میسی! کوئی اتنا عظیم کیسے ہو سکتا ہے۔‘
فٹبال آفیشل نے لکھا کہ ’جب سے راؤنڈ آف 16 کو فٹ بال میں متعارف کروایا گیا ہے تب سے لے کر اب تک وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہر ناک آؤٹ میچ میں گول کیا ہے۔‘
جوش میئر نے کہا کہ ’اتنی چھوٹی چھوٹی ٹانگوں کے ساتھ میسی اتنے عظیم کیسے ہو سکتے ہیں؟‘
مین ان بلیزرز نے دلچسپ ٹویٹ کی اور پانچ مرتبہ لکھا کہ ’میسی عظیم ارجنٹینی ہیں۔‘

 

شیئر: