Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری ڈیجیٹل آئی ڈی پر خلیجی ممالک کا سفر کر سکتے ہیں

سعودی باشندوں کو مقرر کردہ شرائط اور تقاضوں کی پابندی کرنی چاہیے ( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ’سعودی باشندے قومی الیکٹرانک شناخت(ڈیجیٹل آئی ڈی) کا استعمال کرکے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا سفر کر سکتے ہیں‘۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں اپنی ڈیجیٹل آئی ڈی کے ساتھ سفر کے لیے سعودی باشندوں کو ویزے کے ساتھ ساتھ سفری دستاویز حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ’ اس کے علاوہ سعودی باشندوں کو ملک کی طرف سے مقرر کردہ شرائط اور تقاضوں کی پابندی کرنی چاہیے‘۔
واضح رہے کہ مملکت نے حالیہ دنوں ایسے اقدامات کیے ہیں جو پورے خطے میں آسان سفر کو مزید فروغ دینے کے لیے سفری ضروریات کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
سعودی عرب نے مئی میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے تمام شہریوں کے لیے سعودی عرب آنے اور جانے کے لیے قومی شناختی کارڈ استعمال کرنے پر دو سال کی معطلی کو ختم کر دیا تھا۔
سعودی سینٹرل بینک کے اعداد و شمار کے مطابق خلیجی ریجن اپنے باشندوں کے لیے بنیادی منزل کے طور پر سعودی سیاحت پر حاوی ہے۔
2021 میں سعودی باشندوں کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے تقریباً 3.9 ملین دورے کیے گئے جو مملکت میں مجموعی آؤٹ باؤنڈ سیاحت کا 46.2 فیصد بنتا ہے۔
ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن نے اکتوبر کی ایک رپورٹ میں 2022 کے پہلے سات ماہ میں بین الاقوامی سیاحوں کے فلو کی درجہ بندی کے لیے سعودی عرب کو جی 20 ممالک میں سرفہرست قرار دیا تھا۔

سعودی عرب  سیاحتی شعبے  تیزی کے ساتھ  ترقی کرنے والے ممالک میں ہے( فوٹو ایس پی اے)

بالی، انڈونیشیا میں منعقدہ جی 20 وزرائے سیاحت کے اجلاس کے دوران جاری ہونے والی رپورٹ میں مملکت کا دورہ کرنے والے مسافروں کی صحیح تعداد کی تفصیل نہیں بتائی گئی، لیکن دعویٰ کیا گیا کہ 2022 کی پہلی ششماہی میں اس شعبے میں 121 فیصد کی شرح نمو دیکھی گئی۔
ایس پی اے کے مطابق تقریب کے دوران سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ مملکت کی اقتصادی تنوع کی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سیاحت کی شراکت کو بڑھانا ہے جیسا وژن 2030 میں بیان کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کو سیاحت کے لیے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی مارکیٹ میں سے ایک قرار دیتے ہوئے الخطیب نے کہا کہ مملکت کا سیاحت کا شعبہ کورونا کی وبا سے پہلے کے مقابلے میں 14 فیصد کی شرح سے تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

شیئر: