Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ثقافت کی پہچان ’بشت‘، میسی کا کالا گاؤن ہے کیا؟

مخلتلف مارکیٹوں میں بشت کی قیمت 9000 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دینے کے بعد لیونل میسی کو کالے رنگ کا گاؤن (چوغہ) پہنایا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ سوالات کر رہے ہیں کہ میسی نے جو کالے رنگ کا ’گاؤن‘ پہن رکھا ہے وہ ہے کیا؟
عرب نیوز کے مطابق ارجنٹائن کے کپتان نے جو چوغہ پہن رکھا تھا اسے عربی زبان میں ’بشت‘ کہا جاتا ہے اور خلیجی ممالک میں اسے متبرک سمجھا جاتا ہے۔
’بشت‘ کو صرف خصوصی مواقع پر پہنا جاتا ہے جیسے کہ شادی اور شاہی خاندان کے افراد اکثر اسے رسمی تقریبات میں بھی زیب تن کرتے ہیں اور اسے عرب ثقافت کی پہچان بھی سمجھا جاتا ہے۔
صدیوں سے خلیجی عرب ممالک بشمول عراق اور شمالی افریقی حصوں میں سیاست دان اور مذہبی سکالرز ’بشت‘ پہنتے آرہے ہیں اور یہ انہیں دیگر لوگوں سے ممتاز بناتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’بشت‘ کو عزت و احترام کی نشانی سمجھا جاتا ہے اور اس کو بنانے میں جو صلاحیت درکار ہوتی ہے جو عرب ممالک میں ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتی آ رہی ہے۔
’بشت‘ کو بنانے کے لیے استعمال ہونے والا دھاگا بھیڑ، اونٹ اور لاما کے بالوں سے بنایا جاتا ہے۔
مخلتلف مارکیٹوں میں اس کی قیمت 9000 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
خیال رہے اتوار اور پیر کی درمیانی شب لیونل میسی کی ارجنٹائن نے فرانس کو فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست دے کر ورلڈ چیمپیئن شپ اپنے نام کرلی تھی اور اس جیت کے بعد قطر کے امیر نے ارجنٹائن کے کپتان کو عزت و احترام دینے کے لیے ’بشت‘ پہنایا تھا۔

شیئر: