’زہر آلود سیاست سے پاک امریکہ‘، کرسمس پر صدر جو بائیڈن کی خواہش
جو بائیڈن نے کرسمس سے کچھ دیر پہلے حادثے میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کو کھو دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے کرسمس کے حوالے سے اپنے خطاب میں ایک ایسے امریکہ کی خواہش کا اظہار کیا جو ’زہر آلود سیاست سے پاک‘ ہو۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے پیغام میں منقسم امریکہ کی ’تازہ شروعات‘ کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے حال ہی میں اپوزیشن ریپبلکنز کے خلاف پہلے سے زیادہ جارحانہ موقف اختیار کیا ہے تاہم اب جب کرسمس میں صرف تین دن باقی ہیں، ان کا پیغام مفاہمت اور اتحاد پر مبنی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’امید ہے کہ کرسمس کے اس سیزن میں ہم چند لمحے خاموشی سے سوچیں گے، اور ایک دوسرے کی جانب متوجہ ہوں گے، ڈیموکریٹس یا ریپبلکن کے طور پر نہیں۔ ٹیم ریڈ یا ٹیم بلیو کے ممبروں کے طور پر نہیں بلکہ جیسے کہ ہم واقعی ہیں: امریکی ساتھی، انسان دوست جو عزت اور احترام کے قابل ہیں۔‘
جو بائیڈن نے امریکی شہریوں کو اس کرسمس پر ہمدردی کے جذبات کو فروغ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی کبھی نہیں جان سکتا کہ دوسرا کن حالات سے گزر رہا ہے، ان کی زندگیوں میں کیا ہو رہا ہے۔‘
50 سال پہلے صدر جو بائیڈن نے کرسمس سے کچھ دیر پہلے ایک کار حادثے میں اپنی پہلی اہلیہ اور بیٹی کو کھو دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کے علاوہ ’کرسمس بہت درد اور خوفناک تنہائی کا موقع بھی ہو سکتا ہے۔‘
امریکی صدر نے حال ہی میں کچھ سیاسی اقدامات کیے ہیں جن میں سفارتی اور قانون سازی کی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ وسط مدتی انتخابات بھی شامل ہیں جو ڈیموکریٹس کے لیے توقع سے بہتر ثابت ہوئے۔
توقع ہے کہ وہ نئے سال کے اوائل میں فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ 2024 میں دوبارہ صدر کے لیے انتخاب لڑیں گے یا نہیں۔