Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رشوت،جعلسازی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں 170 افراد زیر حراست

زیرحراست افراد میں سے بعض کو ضمانت پر رہا کردیا گیا(فائل فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے کہا ہے کہ’ رشوت، منصب کے ناجائز استعمال، جعلسازی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں 7 وزارتوں کے 170 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق نزاھۃ نے بیان میں کہا کہ’ انسپکٹرز نے 25 نومبر سے 24 دسمبر کے دوران 2426 تفتیشی دورے کیے۔ اس دوران داخلہ، انصاف، بلدیات و دیہی و آباد کاری امور، صحت، افرادی قوت و سماجی بہبود، تجارت اور تعلیم کی وزارتوں کے اہلکاروں سمیت 437 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی گئی‘۔ 
’170 سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فوجداری کارروائی قانون کے تحت حراست میں لیا گیا۔‘ 
نزاھۃ کا کہنا ہے کہ ’زیرحراست افراد میں سے بعض کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ ملزمان پر رشوت، عہدے کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات ہیں۔‘ 
بیان میں کہا گیا کہ’ تمام زیر حراست افراد کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہونے پر انہیں عدالت کے حوالے کیا جائے گا‘۔ 
نزاھۃ نے اپیل کی کہ ’اگر کسی کو کسی اہلکار پر مالی یا انتظامی بدعنوانی کا شبہ ہو تو وہ ٹول فری نمبر یا ویب سائٹ  پر اس کی رپورٹ کریں تاکہ سرکاری خزانے کا تحفظ کیا جاسکے۔‘

شیئر: