آئندہ سیزن میں حج مقامات پر گاڑیوں کے داخلے پر پابندیاں کیا ہیں؟
حج کے دوران پرمٹ رکھنے والے ٹرک ہی مکہ میں داخل ہوسکیں گے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی حکومت نے آئندہ حج سیزن کے دوران مکہ، منٰی، مزدلفہ، عرفات اور مدینہ منورہ میں گاڑیوں کے استعمال کے حوالے سے پانچ ضابطے جاری کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے جو اعلٰی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں آئندہ حج سیزن کے دوران مکہ، منٰی، مزدلفہ، عرفات اور مدینہ منورہ میں گاڑیوں کے استعمال کے حوالے سے ضابطے جاری کیے ہیں۔
آئندہ حج سیزن میں پانچ ضابطوں کی پابندی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں، داخلی و خارجی عازمین کو حج کرانے والے اداروں پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ حج ٹرانسپورٹ کے لیے مختص لائسنس یافتہ گاڑیاں حج کرنے والے کسی ڈرائیور کے حوالے نہ کریں۔
سعودی ٹریفک نمبر پلیٹ ہولڈر ایسی کسی بھی گاڑی کو جس کی نشستوں کی تعداد 25 سے کم ہوگی اور اس کا ڈرائیور احرام پہنے ہوئے ہوگا اسے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسی کسی بھی گاڑی کو مکہ کے باہر بنائی گئی پارکنگ لاٹس میں روک لیا جائے گا، اسے اس شہر یا قصبے واپس کر دیا جائے گا جہاں سے وہ گاڑی آئی ہوگی۔
حج موسم میں کام کرنے والےعملے کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والی تمام گاڑیوں کو بری راستوں سے حج پر آنے والوں کی پارکنگ لاٹس میں روک لیا جائے گا۔ حج عملے کو لانے والی جو بھی گاڑی مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ پہنچے گی اسے پہنچتے ہی پارکنگ میں کھڑا کردیا جائے گا۔ ایسی گاڑیوں کو حاجیوں کے لانے لے جانے کے سلسلے میں مقررہ ضوابط کی پابندی کرائی جائے گی۔ بنیادی طور پر ان گاڑیوں کو حج ٹرانسپورٹ میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حج کے دوران مکہ میں مویشی لانے والے ٹرکوں کے مالکان پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں پرمٹ حاصل کریں۔
2 جون 2023 سے یکم جولائی 2023 تک مویشی لانے والے کسی بھی ٹرک کو مقدس شہر میں داخل ہونے سے روکا جائے گا۔ اس سے وہ ٹرک مستثنٰی ہوں گے جن کے پاس مویشی لانے کا پرمٹ ہوگا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں