Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جبل پور سے ممبئی‘، سلمان خان کی سائیکل سوار فین سے ملاقات

نئے سال میں سلمان خان کی دو فلمیں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ اور ’ٹائیگر 3‘ ریلیز ہوں گی۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور سے ایک شخص سائیکل پر تقریباً 1100 کلومیٹر کی مسافت طے کر کے ممبئی اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان سے ملنے پہنچا۔
جبل پور کے رہائشی سلمان خان کے پرستار اپنا نام سمیر بتاتے ہیں اور خود کو انڈین اداکار کا ’دیوانہ‘ کہتے ہیں۔ سمیر کے ممبئی آنے کا علم سلمان خان کو نہیں تھا اور نہ ہی سمیر کو یقین تھا کہ وہ ممبئی جا کر اپنے پسندیدہ اداکار سے مل سکتے ہیں۔
لیکن سمیر جب ممبئی میں سلمان خان کے گھر کے باہر پہنچے تو اتفاق سے سلمان خان اپنے گھر پر ہی موجود تھے اور انہوں نے سائیکل پر اتنا لمبا سفر کرنے والے اپنے پرستار کو مایوس نہیں کیا اور وہ اپنے گھر سے باہر آکر سمیر سے ملے۔
دونوں کی ملاقات کی ایک تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں سلمان خان کو اپنے فین کی سائیکل کو تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیاہ رنگ کی اس سائیکل کے اگلے حصے پر سمیر نے اپنی اور سلمان خان کی تصاویر بھی آویزاں کر رکھی ہیں۔
سائیکل پر لگے پوسٹر پر ہندی زبان میں سمیر نے سلمان خان کے لیے لکھا ہے کہ ’چلو ان کو دعائیں دیتے چلیں۔ جبل پور سے ممبئی، دیوانہ میں چلا۔‘
سلمان خان آخری بار فلم ’انتم‘ میں نظر آئے تھے اور نئے سال میں ان کی دو فلمیں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ اور ’ٹائیگر 3‘ ریلیز ہوں گی۔
دوسری جانب سلمان خان اپنے پُرانے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کو بھی سلور سکرین پر متعارف کروانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
انٹرٹینمنٹ کی خبروں کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق سلمان خان نے مشہور انڈین ہدایت کار ستیش کوشک سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے ٹائیگر کے ساتھ فلم بنائیں۔
رپورٹ میں سلمان خان کے قریبی ذرائع سے منسوب کرکے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بالی وُڈ کے دبنگ خان نے ٹائیگر کی فلم کے لیے اداکاراؤں سے بھی رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے اور وہ اب تک تین ہیروئینوں سے اس فلم میں کام کرنے کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔

شیئر: