Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں اس سال 13 سرکاری تعطیلات ہوں گی، شیڈول جاری 

تمام چھٹیوں پر ملازمین کو باقاعدہ تنخواہ دی جائےگی( فائل فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ڈیجیٹل گورنمنٹ ویب سائٹ پر 2023 کے دوران سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کی تعطیلات کا شیڈول جاری کیا ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی گورنمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ’ سال رواں کے دوران دینی اور قومی تہواروں پر 13 دن کی عام تعطیل ہوگی۔ ان چھٹیوں پر ملازمین کو باقاعدہ تنخواہ دی جائےگی‘۔
اماراتی کابینہ نے 2019 کے دوران سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کی تعطیلات مقررکی تھیں تاکہ قومی معیشت کو فروغ ملے اور ملازمین  یکسو ہوکر اپنی ڈیوٹی انجام دے سکیں۔ 
جاری کردہ شیڈول کے مطابق یکم جنوری کو نئے سال کی ایک دن کی تعطیل ہے۔ عید الفطرکی تعطیلات چار دن 29 رمضان سے 3 شوال تک ہوں گی۔ وقوف عرفہ اور عید الاضحی پر تعطیلات 9 ذی الحجہ سے 12 ذی الحجہ تک ہوں گی۔
نئے ہجری سال کی آمد پر یکم محرم 1445ھ کو ایک دن اور 12 ربیع الاول 1445ھ کو ایک دن کی تعطیل ہوگی۔
بعد ازاں نیشنل ڈے پر2 اور3 دسمبر کو دو روزہ تعطیلات ہوں گی۔
اماراتی ڈیجیٹل گورنمنٹ ویب سائٹ نے بیان میں کہا کہ’ اسلامی تہواروں کی چھٹیاں رویت ہلال سے منسلک ہیں۔ عیسوی کیلنڈر کے حوالے سے ان کی تاریخیں مختلف ہوسکتی ہیں‘۔ 

شیئر: