Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناصر کھوسہ نے متفقہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے معذرت کر لی: خواجہ آصف

پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے احمد نواز سکھیرا، نصیر خان اور ناصر سعید کھوسہ کے نام تجویز کیے تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پنجاب میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے متفقہ نگراں وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو دھچکہ لگا ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تجویز کردہ تین ناموں میں سے ایک ناصر کھوسہ نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
سوموار وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر بتایا کہ مسلم لیگ ن نے سابق بیوروکریٹ کو متفقہ نگراں وزیراعلی بنانے کے لیے رابطہ کر کے آفر کی، مگر انہوں نے تجویز سے اتفاق نہیں کیا بلکہ معذرت کر لی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے۔ بحیثیت بیوروکریٹ ان کا کردار قابل فخر ہے۔ ہم نے ان سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سےمتفقہ کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ کاعہدہ قبول کریں۔ انہوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معذرت کی ہے۔‘
اتوار کو سابق وزیراعظم عمران خان اور قائم مقام وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے درمیان صوبے کے نگراں وزیراعلٰی کے نام پر مشاورت کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے لیے تین نام تجویز کیے گئے تھے جن میں بیوروکریٹ احمد نواز سکھیرا سابق وزیر صحت نصیر خان اور سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ شامل تھے۔
ناموں کا اعلان کرتے ہوئے پرویز الہی نے امید ظاہر کی تھی کہ ایک نام پر دونوں فریقوں کا اتفاق ہو جائے گا جس پر مبصرین کا خیال تھا کہ ان کا اشارہ ناصر کھوسہ کی جانب ہو گا جو ن لیگ کو قابل قبول ہیں۔
ناصر سعید خان کھوسہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید خان کھوسہ اور سابق ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ کے بھائی ہیں۔ 
اس سے قبل 2018 میں تحریک انصاف نے ناصر سعید کھوسہ کا نام پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پیش کیا تھا جس سے مسلم لیگ ن نے اتفاق کیا تھا لیکن بعد میں عمران خان نے ناصر سعید کا نام واپس لے لیا تھا۔
ناصر سعید کھوسہ صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے چیف سیکریٹری اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
وہ پنجاب میں وزیراعلٰی شہباز شریف کے ساتھ بطور چیف سیکریٹری خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کے نمائندے کا پرویز الہی سے رابطہ

دوسری جانب پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شہباز کے مقرر کردہ نمائندے ملک احمد خان نے نگران وزیراعلی کے تقرر کے حوالے سے  پرویز الٰہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
مسلم ن کے ترجمان کے مطابق دونوں کے درمیان نگران وزیر اعلی کے تقرر کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ 
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے جلد نگران وزیر اعلی کے لیے نام تجویز کئے جائیں گے۔

شیئر: