Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’شاہی خاندان کا ملازم‘ 23 لاکھ کا ہوٹل بل دیے بغیر غائب

محمد شریف نامی شخص چار مہینے ہوٹل میں رہا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں ایک شخص ایک پُرآسائش ہوٹل میں چار مہینے گزارنے کے بعد بغیر بل ادا کیے بغیر غائب ہوگیا۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق دہلی پولیس کو ہوٹل لیلا پیلس کی انتظامیہ نے شکایت درج کی کہ محمد شریف نامی شخص نے اپنا تعارف ابو ظبی کے شاہی خاندان کے ملازم کے طور پر کروایا تھا اور چار مہینے ہوٹل میں رہنے کے بعد 23 لاکھ روپے کا بل ادا کیے بغیر غائب ہوگیا۔
ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو بتایا گیا کہ محمد شریف نامی شخص یکم اگست 2022 میں کمرا نمبر 427 میں رکنے آیا اور 20 نومبر کو بل ادا کیے بغیر خاموشی سے ہوٹل چھوڑ گیا۔
ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹل آمد کے وقت محمد شریف نے سٹاف کو بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے رہائشی ہیں اور شاہی خاندان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
ہوٹل انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد شریف نے نہ صرف اپنا کاروباری کارڈ ہوٹل کے سٹاف کو دیا بلکہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی کارڈ بھی دکھایا تاکہ اپنی کہانی کو سچا ثابت کر سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد شریف کی جانب سے دکھائے گئے کوائف کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور انہیں شک ہے کہ یہ تمام دستاویزات جعلی ہیں۔

شیئر: