Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں موٹرسائیکل سوار کا لفٹ دینے کے بہانے 90 سالہ خاتون سے ریپ

پولیس نے ریپ اور دیگر دفعات کے تحت نامعلوم موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک 90 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر ایک موٹرسائیکل سوار نے لفٹ دینے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے سنیچر کو ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ ’یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شاہدول میں پیش آیا۔
ایس پی کمار پراتیک کے مطابق ’عمر رسیدہ خاتون جمعرات کی رات جبل پور سے شاہدول ریلوے سٹیشن پہنچی تھیں۔‘
‘انہوں نے اپنے عزیزوں سے ملاقات کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹرز سے 15 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں جانا تھا۔‘
ایس پی کے مطابق ’خاتون نے رات ریلوے سٹیشن پر قیام کیا اور جمعے کی صبح ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے انہیں انترا گاؤں کی مرکزی سڑک تک پہنچایا۔‘
رکشہ ڈرائیور نے خاتون سے کہا کہ ’وہ یہاں سے بس پر بیٹھ کر اپنی منزل کی طرف چلی جائیں کیونکہ ان کے رشتہ داروں کا گھر یہاں سے کچھ فاصلے پر ہے۔‘
ایس پی نے بتایا کہ ’جب وہ خاتون بس کا انتظار کر رہی تھیں تو اس دوران ایک نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے انہیں گاؤں تک لفٹ دینے کی پیش کش کی۔‘
’تاہم وہ عمر رسیدہ خاتون کو مرکزی سڑک سے دور ایک ویران جگہ پر لے گیا جہاں انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر انہیں دوبارہ اسی سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔‘
بعد ازاں زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون نے اپنے عزیزوں کو واقعے سے آگاہ کیا تو انہوں نے پولیس میں رپورٹ درج کرا دی۔
پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی ریپ اور دیگر دفعات کے تحت نامعلوم موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
عمر رسیدہ خاتون کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

شیئر: