Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دُھند میں سفر، ڈرائیور کو کیا کرنا چاہیے کیا نہیں؟

روانگی سے قبل تسلی کر لیں کہ لائٹس درست طور پر کام کر رہی ہیں (فوٹو: سیدتی)
موسم سرما اس بار اپنی موجودگی کا کچھ زیادہ ہی احساس دلانے پر تُلا ہے۔ ہلکی پُھلکی دُھند جسے رومانیت کی علامات سمجھا جاتا ہے، کو سموگ کا تڑکا لگ چکا ہے۔ سُورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی رکنے میں نہیں آ رہی، ایسے میں سفر کرنا پڑے تو اسے محفوظ کیسے بنایا جائے؟
سیدتی میگزین کی رپورٹ میں چند ایسے ہی باتوں کی نشان دہی کی گئی ہے جن کا خیال ضروری ہے۔

لائٹس اور شیشے

روانہ ہونے سے قبل تسلی کر لیں کہ گاڑی کی لائٹس ٹھیک کام کر رہی ہیں کیونکہ دھند میں سفر میں سب سے اہم کردار انہی کا ہوتا ہے۔ اسی طرح فوگ لائٹ کا  استعمال بھی کرنا چاہیے۔ دھند میں لائٹس کی رینج ویسے بھی کم ہو جاتی ہے اس لیے روانہ ہونے سے قبل لائٹس کو اچھی طرح صاف کیا جائے تو سہولت رہتی ہے۔
اسی طرح سامنے اور پیچھے کے شیشوں کو بھی اچھی طرح دونوں طرف سے صاف کرنا چاہیے۔

رفتار کم رکھیں


دھند میں سفر کے دوران رفتار انتہائی کم رکھنی چاہیے (فوٹو: اے ایف پی)

ویسے تو تیزرفتاری کہیں بھی نہیں کرنی چاہیے تاہم دھند میں تو اس کو بہت ہی کم رکھنا چاہیے کیونکہ تیز رفتاری یا اوورٹیکنگ کی کوشش خطرنا ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر آپ کے آگے کوئی گاڑی چل رہی ہے تو اس سے مناسب فاصلہ رکھ کر چلیں تاکہ ہنگامی طور پر بریک لگانے کی صورت میں ٹکرانے سے بچ سکیں۔

وائپرز کا استعمال

اگر دھند میں بارش بھی ہو رہی ہے تو وائپرز کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ شدید سرد موسم کی وجہ سے شیشے پر کُہر کے قطرے نمودار ہوتے ہیں جن سے شیشہ دھندلاتا ہے ان کو ہٹانے کے لیے بھی وائپرز کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ٹھنڈے شیشے کا اثر اندرونی طور بھی ہوتا ہے اور اس پر بادل سے بن جاتے ہیں اس لیے ان کو صاف کرنا بھی مت بھولیں۔

ماہرین فوگ لائٹس کے استعمال پر زور دیتے ہیں (فوٹو: سیدتی)

اگر حد نگاہ بہت کم ہو گئی ہے تو آگے جانے والے گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے سڑک کو محسوس کرنے کی کوشش کریں۔

ٹکڑوں میں دھند

اکثر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ہائی ویز پر ٹکڑوں کی شکل میں دھند آتی ہے اس لیے ایک ٹکڑے نکلنے کے بعد بھی رفتار کم رکھیں تاکہ ایسی صورت حال سے بچا جا سکے کہ تیز رفتاری کے باعث گاڑی اچانک دھند کے کسی اگلے میں چلی جائے اور ایسی صورت میں فوری اور سخت بریک لگانا بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔
اس لیے مناسب رفتار کی بدولت آپ کو دھند کا ٹکڑا آنے سے قبل ہی پتہ چل سکتا ہے اور اس کی مناسبت سے گاڑی کو مزید آہستہ بھی کر سکتے ہیں۔

سڑک پر توجہ

سفر کے دوران توجہ سڑک پر ہی مرکوز رکھیں اور ایسی سرگرمیوں سے پرہیز کریں جو توجہ بٹاتی ہیں۔

اگر حد نگاہ بہت کم ہو جائے تو گاڑی کسی محفوظ مقام روک کر وارننگ لائٹس جلا لینی چاہییں (فوٹو: فری پک)

صرف دھند ہی نہیں عام حالات میں بھی ڈرائیونگ کے دوران موبائل پر بات چیت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے تاہم دھند میں صورت حال اس سے بھی زیادہ نازک ہوتی ہے اس لیے موبائل پر گفتگو سے پرہیز کریں۔
اسی طرح گاڑی کے اندر ہوا کے گزر کا راستہ بھی رکھنا چاہیے تاکہ گاڑی کے اندر بادل نہ بنیں جبکہ اس کے لیے درجہ حرارت کو بھی اوپر نیچے کیا جا سکتا ہے۔

رُک جائیں

اگر صورت حال ایسی ہو گئی ہے کہ کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تو ایسے میں ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ گاڑی کسی محفوظ مقام پر روک لیں اور دھند کے صاف ہونے تک لائٹس آن رکھنے کے علاوہ وارننگ لائٹ بھی جلا دیں۔

شیئر: