Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں مسافر ٹرین پر حملہ، بچوں سمیت 14 افراد زخمی

دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
بلوچستان میں حکام کے مطابق ضلع کچھی(بولان) میں ایک مسافر ٹرین پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 14 مسافر زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ٹرین کی سات بوگیاں بٹڑی سے اترگئیں۔
بلوچستان لیویز کے مطابق  جمعے کو مچھ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کو بولان کے علاقے پنیر میں نشانہ بنایا گیا۔ بم  ریلوے پٹڑی پر نصب  تھا جس کے دھماکے سے پٹڑی کا دس فٹ سے زائد حصہ تباہ ہوگیا۔
ریلوے کنٹرول کوئٹہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دھماکے سے ٹرین کو نقصان پہنچا اور سات بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے بعد الٹ گئیں۔ 
 لیویز حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 مسافر زخمی ہوگئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے بتایا کہ  سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سبی کے سول اور سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ٹرین کے باقی مسافروں کو سبی سے متبادل ٹرین کے ذریعے راولپنڈی کی جانب روانہ کردیا گیا۔
 

شیئر: