Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعظم خان خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی، پنجاب کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اعظم خان کی تعیناتی نوٹی فکیشن جاری کیا (فوٹو: اے پی پی)
سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو خیبرپختونخوا کا نگراں وزیراعلٰی تعینات کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کو گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اعظم خان کی تعیناتی نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعلٰی محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی جانب سے اعظم خان کے نام پر اتفاق کے بعد انہیں نگراں وزیراعلٰی تعینات کیا ہے۔
جمعے کی شب خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے وزیراعلیٰ محمود خان اور پرویز خٹک سے ملاقات سپیکر ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔ 
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نگراں وزیراعلی پر اتفاق رائے ہوگیا ہے اور متفقہ طور پر اعظم خان  کے نام پر اتفاق کیا گیا۔
خیال رہے کہ اعظم خان سابق چیف سیکرٹری سمیت دیگر عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ 
دوسری جانب پنجاب  کے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر پر ابھی تک ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ اس حوالے تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے اور امکان ہے کہ اتوار کو الیکشن کمیشن اپنے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے نام کا فیصلہ کرے گا۔
جمعے کو حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کیمٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا تھا کہ ’فیصلہ یہ ہوا ہے کہ دونوں اطراف کی نام الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، الیکشن کمیشن چاروں امیدواروں کے کردار کو سامنے رکھ کر بہتر شخص کا نام لائے۔‘

اعظم خان کون ہیں؟

محمد اعظم خان کا حکومت پاکستان میں سرکاری ملازم کی حیثیت سے طویل اور روشن کیریئر رہا ہے۔ وہ وزیر خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقی کے محکمے، حکومت خیبر پختونخوا (کے پی) اور وفاقی سیکرٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
اس سے قبل وہ کے پی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز رہے جہاں انہوں نے چیف سیکرٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹری کے طور پر کام کیا۔ اعظم خان کی تعلیم پشاور یونیورسٹی سے ہوئی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لاء کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لندن گئے۔

شیئر: