Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ڈیجیٹل کرنسی کا استعمال کب شروع ہو گا؟

ساما کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل کرنسی کو جانچنے کی کارروائی جاری ہے‘ ( فائل فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے کہا ہے کہ ’اب تک ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ فی الوقت اس کے ممکنہ فوائد اور خطرات پر غور کیا جا رہا ہے۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ساما کے گورنر ڈاکٹر فہد المبارک نے کہا کہ ’ڈیجیٹل کرنسی کو جانچنے کی کارروائی جاری ہے۔ سعودی عرب میں سرگرم مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور بینکوں کے تعاون سے یہ کام کیا جا رہا ہے۔‘
’ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کے فوائد اور نقصانات کے حوالے سے دنیا کے سینٹرل بینکوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات ے تناظر میں جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘ 
ساما کے گورنر کا کہنا تھا کہ ’ڈیجیٹل کرنسی منصوبے کے موجودہ مرحلے میں مقامی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور بینکوں نیز مارکیٹ کے موثر اداروں کو شریک کیا جا رہا ہے۔‘
علاوہ ازیں ٹیکنالوجی اور مشاورتی سروسز فراہم کرنے والوں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ساما ڈیجیٹل کرنسی کا جائزہ متعلقہ بین الاقوامی فریقوں اور سعودی سرکاری اداروں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گا۔‘ 
خیال رہے کہ سعودی سینٹرل بینک 2019 کے دوران ’عابر‘ منصوبے کے ذریعے ساما کے لیے ڈیجیٹل کرنسی کے آزمائشی مرحلے میں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ یہ انشیٹو متحدہ عرب امارات کے بینک کے تعاون سے کیا گیا تھا۔

شیئر: