Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کے آٹوگراف والی شرٹ، ’سب بولی لگاؤ‘

ملاقات کے لیے آنے والے بچوں میں سے ایک بچے کی شرٹ اور ایک کے ہاتھ پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستانی سوشل میڈیا پر مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کی بچوں کو آٹوگراف دینے کی ویڈیو وائرل ہے جس پر شیئر کرنے والوں کی جانب سے مختلف تبصرے اور سوالات کیے جا رہے ہیں۔ 
سوموار کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے والے بچوں میں سے ایک بچے کی شرٹ اور ایک کے ہاتھ پر دستخط کیے ہیں۔
ویڈیو کلپ شیئر کرنے والوں میں سے کچھ سوشل میڈیا صارفین نواز شریف کے آٹوگراف والی شرٹ کی قیمت کے حوالے سے سوال کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل پاک افیئر پر ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے سوال کیا گیا ہے کہ ’میاں نواز شریف شرٹ سائن کر رہے ہیں۔ آپ کے خیال میں یہ کتنے کی بِک سکتی ہے؟‘
حنا پرویز بٹ نے لکھا کہ ’ خوش قسمت ہیں یہ بچے جنہیں میاں صاحب کا آٹوگراف ملا۔‘
ٹوئٹر یوزر بشرٰی شاہ نواز شریف کے اس عمل کو سابق وزیراعظم عمران خان کی نقل قرار دیتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’عمران خان کی نقل، نواز شریف نے دستخط کے لیے شرٹ ڈھونڈ لی۔ اچھا بتائیں، آپ میں  کون کون نواز شریف کی دستخط شدہ شرٹ لینا چاہے گا اورکتنے روپے میں؟‘
سوشل میڈیا صارف قدیر نیاز لنگڑیال نواز شریف، مریم نواز مینشن کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’میں قائد محترم میاں محمد نواز شریف صاحب کی دستخط شدہ شرٹ کی 10 لاکھ قیمت لگاتا ہوں، کیا یہ شرٹ مجھے مل سکتی ہے؟‘

 

ٹوئٹر صارف عادل اقبال ملک نواز شریف کے دستخط کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ’ نواز سریف نے اپنے پرستاروں کی شرٹ پر دستخط کر دیے، اس موقع پر مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’عمران خان اکثر اپنے فینز کی شرٹ پر آٹوگراف دیتے رہتے ہیں۔‘
راشد نصراللہ نے لکھا کہ ’پاکستان سے آئے بچوں کا قائد مسلم لیگ ن سے والہانہ اظہار محبت، بچوں نے نواز شریف صاحب سے آٹو گراف لیا۔ پوری قوم کے دل میں نواز شریف صاحب کی محبت رچ بس چکی ہے۔‘
ایک اور صارف اقرا ملک نے لکھا کہ ’ہاں بھائی اِس شرٹ کی بولی لگاتے ہیں کون خریدے گا۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی ابوبکر نامی بچے کو آٹوگراف دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے چھ کروڑ میں خریدنے کا دعٰوی کیا گیا تھا۔

شیئر: