Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحوں کی آمد، عرب ممالک میں سعودی عرب سرفہرست

 2022 کے پہلے نو ماہ میں 18 ملین سے زیادہ سیاح مملکت آئے ( فوٹو: عرب نیوز)
اقوام متحدہ کے ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے اعدادو شمار کے مطابق عرب ممالک آنے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 2022 کے پہلے نو مہینوں میں 18 ملین سے زیادہ مسافروں نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔
متحدہ عرب امارات 14.8 ملین سیاحوں کے ساتھ عرب ممالک میں دوسرے جب کہ 2022 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 11ملین سیاحوں کے ساتھ مراکش تیسرے نمبر پر تھا۔
سعودی عرب کی وزارت سرمایہ کاری کے اعدادو شمار کے مطابق 2030 تک ہر سال 100 ملین سیاحوں تک پہنچنے کے سعودی وژن کے مطابق مملکت کے سیاحتی اخراجات گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔
سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی اس غیرمعمولی تعداد نے دنیا بھر کے ٹریول ماہرین کی توجہ مبذول کرائی ہے جو دبئی میں مئی میں ہونے والے عریبین ٹریول مارکیٹ 2023 کے آئندہ ایونٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عربین ٹریول مارکیٹ کے منتظم نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ تقریب عالمی سطح پر ہونے والے سعودی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گی جو مملکت کی سیاحت کے اثرات پر توجہ مرکوز کرے گی۔
عریبین ٹریول مارکیٹ کے ڈائریکٹر ڈینیئل کرٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اے ٹیم ایم 2023 سعودی سربراہی اجلاس ایک مثالی فورم پیش کرے گا۔‘

مملکت کے سیاحتی اخراجات گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے (فوٹو: عرب نیوز)

’جس میں مشرق وسطٰی اور اس سے باہر کے ٹریول پروفیشنلز اور پالیسی ساز مملکت کے بڑھتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں مواقع اور چیلنجز کو تلاش کر سکتے ہیں۔‘
سالانہ تقریب میں سعودی عربین ایئر لائنز، فلائی ناس، مکہ کلاک رائل ٹاور، اسما ہاسپیٹیلیٹی کمپنی، آئی آف ریاض، صدانہ رئیل سٹیٹ کمپنی اور سعودی عماد فار ایئرپورٹ سروسز اینڈ ٹرانسپورٹ سپورٹ کی میزبانی کی توقع ہے۔
ڈینیئل کرٹس نے مزید کہا کہ ’نیوم اور بحیرہ احمر پراجیکٹ جیسی آنے والی گیگا ڈیولپمنٹس سے لے مملکت کی تازہ ترین ویزا اصلاحات اس کے سفری شعبے کو تقویت دے رہی ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ عریبین ٹریول مارکیٹ آنے والے ایڈیشن کے دوران سعودی عرب ایک بڑے ڈرا کارڈ کی نمائندگی کرے گا۔‘

شیئر: