Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹینس کی تاریخ آپ کے بغیر نامکمل،‘ ثانیہ کو آخری گرینڈ سلام میں شکست

چھتیس سالہ ٹینس سٹار اس سے قبل 43 ڈبلز ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست کھا چکے ہیں۔ یہ ثانیہ مراز کے کیریئر کا آخری گرینڈ سلام ہے۔
جمعے کو ثانیہ مراز اور روہن بوپنا کو برازیلن جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ثانیہ مرزا پہلے ہی اعلان کرچکی تھیں کہ آسٹریلین اوپن 2023 ان کے کیریئر کا آخری گرینڈ سلام ٹورنامنٹ ہوگا۔
فائنل میں شکست کے بعد ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ’میرا کیریئر میلبرن میں شروع ہوا تھا اور میں اپنے گرینڈ سلام کیریئر کا اختتام اس سے بہتر سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔‘
ثانیہ مرزا پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہے اور اس میچ کے دوران ان کا بیٹا بھی ٹینس کورٹ میں میچ دیکھنے کے لیے موجود تھا۔ اس دوران بات کرتے ہوئے وہ اشکبار بھی نظر آئیں۔
اس حوالے سے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ’روڈ لیور ارینا میرے لیے ہمیشہ ہی خاص رہا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہاں اپنے بیٹے کے سامنے گرینڈ سلام کا فائنل کھیل سکوں گی۔‘
پاکستان کے سابق کرکٹر اور کپتان وقار یونس نے گرینڈ سلام کیریئر کے اختتام پر ثانیہ مرزا کو مبارکباد دی اور لکھا ’ثانیہ مرزا کے بارے میں جب سوچیں تو آپ کے ذہن میں کیا الفاظ آتے ہیں؟ میرے ذہن میں جذبہ، استقامت اور سخت محنت جیسے الفاظ آتے ہیں۔‘
انڈین اداکار رتیش دیش مکھ نے ثانیہ مرزا کے لیے لکھا کہ ’ٹینس سٹار نے دنیا بھر میں انڈیا کے لیے فخر کا باعث رہی ہیں۔‘
پاکستان سکواش کھلاڑی نورینہ شمس نے ایک ٹویٹ میں ثانیہ مرزا کے لیے لکھا کہ ’ثانیہ وہ پہلی سپورٹس آئیکن تھیں جنہیں میں بچپن میں فالو کیا تھا۔ ثانیہ ہی تھیں جنہیں میں سب سے زیادہ دیکھا کرتی تھی۔‘
سابق انڈین کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ثانیہ مرزا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹینس کی تاریخ آپ کے بغیر نامکمل رہے گی۔‘
36 سالہ ٹینس سٹار اس سے قبل 43 ڈبلز ٹائٹل جیت چکی ہیں جن میں چھ گرینڈ سلام ٹائٹل بھی شامل ہیں۔

شیئر: