Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کس بالی وڈ اداکار کا ’کرش‘ تھیں؟

اداکار ورون دھاون کی فلم ’بھیڑیا‘ 25 نومبر کو ریلیز ہوگی (فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وڈ کے نٹ کھٹ اداکار ورون دھاون نے انکشاف کیا ہے کہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا پر انہیں ’شدید کرش‘ تھا اور وہ ان کی والدہ سے ڈانٹ بھی کھا چکے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار ورون دھاون نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ پروڈکشن کمپنی کے ساتھ ایک اشتہار کے لیے کام کر رہے تھے جس میں ثانیہ مرزا کو کاسٹ کیا گیا تھا، یہ وہ وقت تھا جب انہیں ٹینس سٹار پسند آ گئیں۔
ورون دھاون نے بتایا کہ ’میں میڈ پروڈکشن کے ساتھ ایک اشتہار میں کام کر رہا تھا جس میں ثانیہ مرزا تھیں۔ ہمیں 300 جوتے کرائے پر لینا تھے جن کے لیے میں لنکنگ روڈ گیا۔ ثانیہ مرزا نے مجھ سے سیب مانگا جو میں ان کے لیے لے کر آیا۔‘
’میں نے یہ کہتے ہوئے ثانیہ مرزا کی والدہ کو سیب دیا کہ ’آنٹی ایپل۔‘ ان کی والدہ نے سمجھا کہ شاید میں مذاق کر رہا ہوں اس لیے انہوں نے پوچھا کہ تمہیں کس نے کہا تھا سیب لانے کے لیے؟ خوش قسمتی سے ثانیہ مرزا آئیں اور انہوں نے بتایا کہ مجھے سیب چاہیے تھا۔‘
ورون دھاون اپنی ہارر کامیڈی فلم ’بھیڑیا‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو 25 نومبر کو ریلیز ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی خبریں گرم تھیں، اگرچہ دونوں سیلیبریٹیز نے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
ثانیہ مرزا نے اپنے انسٹاگرام پر سٹوری پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’ٹوٹے ہوئے دل جائیں کہاں؟‘
ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اس وقت دبئی میں مقیم ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نجی سپورٹس چینل کے ساتھ پروگرام کر رہے ہیں۔
ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی اور 2018 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

شیئر: