Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کو اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش

بیان میں کہا گیا کہ مملکت شہریوں کو نشانہ بنانے والے ہراقدام کی مذمت کرتی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب نے سنیچر کو اسرائیل اور فلسطینوں کے درمیان صورت حال کو مزید خطرناک حد تک بڑھنے سے خبردار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں فلسطینیوں اوراسرائیلیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطرناک صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’مملکت شہریوں کو نشانہ بنانے والے ہر اقدام کی مذمت کرتی ہے۔‘ 
بیان میں زور دیا گیا  کہ ’بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے، علاقے میں امن بحال کرنے اور ناجائز قبضے کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے۔‘
یاد رہے کہ جمعے کو یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ سنیچر کو ایک حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ مغربی کنارے میں جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک بوڑھی خاتون سمیت 10 فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد پیش آیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے میں یہ گذشتہ ایک برس سے زائد کے عرصے میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں جبکہ رواں سال اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں مارے گئے فلسطینیوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر: