Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خسارے پر خسارہ، اڈانی گروپ کے 100ارب ڈالر ڈوب گئے

گوتم اڈانی فوربز کی ٹاپ 10 امیر شخصیات کی فہرست سے باہر نکل گئے ہے (فوٹو: روئٹرز)
ایشیا کے امیر ترین شخص کے طور پر پہچانے جانے والے انڈین ٹائیکون گوتم اڈانی کی دولت میں تواتر سے کمی کے بعد انہیں گزشتہ چند دنوں میں مجموعی طور پر 100 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اڈانی گروپ نے اربوں ڈالر کے سٹاک کی فروخت روک دی ہے جس کے بعد ان کی کمپنیوں کے حصص ایک بار پھر گر گئے ہیں۔
اڈانی انٹرپرائزز میں حصص کی فروخت کا مقصد قرض میں کمی کے لیے تقریباً دو ارب 50 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنا تھا۔
تاہم بلومبرگ کے مطابق مارکیٹ کی قیمت گِرنے کی وجہ سے چھوٹے سرمایہ کار اس فروخت سے دور رہے لیکن ابوظہبی میں قائم انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کے ساتھ ساتھی انڈین ٹائیکونز سجن جندال اور سنیل متل کا تعاون حاصل رہا۔
اس کے باوجود بدھ کو ممبئی میں اڈانی انٹرپرائزز کے حصص کی قیمت مزید 28.45 فیصد گر گئی۔
اڈانی انٹرپرائزز کو مزید 10 فیصد کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے اس کے حصص اور کئی دیگر اڈانی کمپنیوں میں ٹریڈنگ معطل کردی گئی۔
اڈانی انٹرپرائزز بورڈ نے رات گئے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ’اپنے صارفین کے مفاد میں‘ شیئر کی فروخت کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام ادائیگیاں واپس کر دی جائیں گی۔
فرم نے کہا کہ اس معاملے کو آگے بڑھانا ’اخلاقی طور پر درست نہیں ہو گا۔‘

سرمایہ کاری پر امریکی تحقیقاتی کمپنی کی جانب سے لگائے الزامات کے بعد گوتم اڈانی کی دولت میں نمایاں کمی ہوئی (فوٹو: روئٹرز)

اڈانی نے خود جمعرات کو ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’ہماری کمپنی کے بنیادی اصول بہت مضبوط ہیں، ہماری بیلنس شیٹ صحت مند اور اثاثے مضبوط ہیں۔‘
اڈانی کی ذاتی دولت میں کمی نے انہیں فوربز کی ٹاپ 10 امیر شخصیات کی فہرست سے باہر نکال دیا ہے اور ساتھی مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین آدمی کے طور پر آگے نکل گئے ہیں۔
سرمایہ کاری پر امریکی تحقیقاتی کمپنی ’ہنڈن برگ ریسرچ‘ کی جانب سے لگائے الزامات کے بعد گوتم اڈانی کی دولت میں نمایاں کمی ہوئی۔
امریکی تحقیقاتی کمپنی نے اڈانی گروپ پر کئی دہائیوں سے سٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ سکیم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
امریکی جریدے بلومبرگ نیوز کے مطابق تین دنوں کے دوران اڈانی گروپ کی مارکیٹ ویلیو میں 68 ارب ڈالر کی کمی آئی تھی۔

شیئر: