Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد خاقان عباسی سے ملوں گی، دِل کی باتیں سامنے رکھیں گے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ نواز کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ شاہد خاقان عباسی سے ملیں گی اور اپنے دل کی بات کریں گی۔
جمعرات کو بہاولپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا ’میں شاہد خاقان عباسی سے خود ملوں گی، ہم اپنے دلوں کی باتیں ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے، لیکن مخالفین اس میں جو خوشی ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں وہ خوشی نہیں ملے گی کیونکہ شاہد خاقان عباسی بہت باوفا اور بااصول آدمی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شاہد خاقان عباسی ہمارے سینیئر ہیں، وہ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور میرے بڑے بھائی ہیں۔ ان کی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی سرپرستی میں آگے بڑھوں گی۔‘
ان سے پوچھا گیا کہ کیا مسلم لیگ ن اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ لے کر انتخابات میں جانا چاہتی ہے؟ اس سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ’ن لیگ حقائق کی بنیاد پر بات کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ن لیگ گھڑی چور کی طرح نہیں ہے۔ جب انگلی پکڑنی تھی، بیساکھی کا سہارا چاہیے تھا، وزیراعظم کے آفس تک پہنچنا تھا تو اسٹیبلشمنٹ کے تعریفوں کے ڈھیر لگا دیے اور جب کرسی گئی تو ان کی اسٹیبلسمنٹ کے لیے محبت بھی چلی گئی۔‘
’ہمارا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے، ایشوز کی بنیاد پر بات ہوتی ہے، وہ اب بھی ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف آنے کی تیاری ک ررہے ہیں، وہ بہت جلد واپس آئیں گے۔ اتنا ضرور بتا سکتی ہوں کہ آنے والے چند ہفتوں میں نواز شریف واپس آئیں گے۔‘
شیخ رشید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کی سزا اس کو ملنی چاہیے۔ ناحق کسی کو پکڑنے کے حق میں نہیں ہوں۔‘
مہنگائی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ ’ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ہم ریلیف دینا چاہتے ہیں لیکن نہیں دے پا رہے۔‘
’عمران خان نے جو معاہدہ کیا اس کی وجہ سے ہم مشکل میں ہیں۔‘

شیئر: