Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دا کِنگڈم ورسز کیپٹاگون‘ ، منشیات کی سمگلنگ پر عرب نیوز کی چشم کُشا تحقیق

’دا کِنگڈم ورسز کیپٹاگون‘ نامی عرب نیوز کی یہ تحقیقی سرگرمی 14 ماہ تک جاری رہی (فائل فوٹو: عرب نیوز)
عرب نیوز کی تازہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شام میں بشار الاسد کی حکومت اور لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا عرب دنیا میں زہریلی منشیات کے بنیادی ذرائع ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 14 ماہ تک جاری رہنے والی ’دا کِنگڈم ورسز کیپٹاگون‘ نامی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ منشیات خطے کے لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے ریسرچ اینڈ سٹیڈیز یونٹ نے اپنی بھرپور تحقیقی سرگرمی کے دوران متعدد انٹرویوز کیے ہیں اور بیروت، جدہ، مکہ، اور شامی کردستان سے معلومات جمع کی ہیں۔
منشیات کی اس قسم کی پہچان اس کے دو آدھے چاندوں والے لوگو سے ہو جاتی ہے جسے عام زبان میں ابو ہِلالین (دو چاندوں کا باپ) کہا جاتا ہے۔
کیپٹاگون گولیاں آسانی سے تیار کی جا سکتی ہیں اور ان کی قیمت بھی بہت کم ہے۔
عرب نیوز کے ریسرچ اینڈ سٹڈیز یونٹ کے سربراہ طارق علی احمد نے کہا کہ ’کیپٹاگون گولی خطے میں تو کافی معروف ہے لیکن باقی دنیا ابھی اس کے بچوں اور خاندانوں پر مضر اثرات سے واقف ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بطور صحافی ہمارا فرض ہے کہ ہم آگاہی پھیلائیں اور جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بارے میں سچ بتائیں۔‘
سعودی عرب میں عرب نیوز کے ریجنل مینیجر محمد السلمانی نے کہا کہ ’مملکت کو منشیات کی سمگلنگ کی کارروائیوں کا سامنا ہے اور ان سے نوجوانوں کو نشانہ بنانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘
’یہ جنگ کافی عرصہ قبل شروع ہوئی تھی اور سعودی حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پوری جانفشانی سے لڑ رہی ہے اور اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بڑی مقدار میں کیپٹاگون کی مسلسل ضبطی نہ صرف اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ یہ حکام کی بے پناہ کوششوں کا بھی ثبوت ہے جو سمگلروں اور ڈیلرز کا مسلسل سراغ لگا رہے ہیں اور انہیں پکڑ رہے ہیں۔‘

شیئر: