Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کی ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

ایرون فنچ بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اپنی بیوی ایمی اور بیٹی کے ساتھ۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرون فنچ نے منگل کو اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے اعزاز تھا۔
فنچ کا شمار اپنے عروج کے دوران جارحانہ اوپنگ بیٹرز میں ہوتا تھا لیکن گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہی ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد وہ تنقید کی زد میں تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آسٹریلیوی ریاست وکٹوریا میں پیدا ہونے والے بیٹر کی جگہ ٹیم کی قیادت کون کرے گا۔
ایرون فنچ نے سنہ 2011 میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 103 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں سے 76 میں انہوں نے کپتانی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سمجھتے ہوئے کہ میں 2024 میں ہونے والے اگلے ٹی20 ورلڈ کپ تک نہیں کھیلوں گا، اب عہدہ چھوڑنے اور ٹیم کو اس ایونٹ کے لیے منصوبہ بندی اور تیاری کے لیے وقت دینے کا صحیح لمحہ ہے۔‘

ایرون فنچ کے پاس ٹی20 انٹرنیشنل کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

36 سالہ ایرون فنچ کی قیادت میں آسٹریلیا نے سنہ 2021 میں دبئی میں ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔
وہ گزشتہ برس ستمبر میں آسٹریلیا کے ون ڈے کپتان کے طور پر بھی ریٹائر ہو گئے تھے۔
فنچ کا مزید کہنا تھا کہ ’12 سال تک آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے کے قابل ہونا اور اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے کچھ کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنا ایک ناقابل یقین اعزاز رہا ہے۔‘
ان کے پاس ٹی20 انٹرنیشنل کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی ہے۔ سنہ 2018 میں آسٹریلیوی بیٹر نے زمبابوے کے خلاف 76 گیندوں پر 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں تیسری سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی ان کے ہی پاس ہے۔ انہوں نے سنہ 2013 میں انگلینڈ کے خلاف 156 رنز بنائے تھے۔

ایرون فنچ گزشتہ برس ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد تنقید کی زد میں تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین لچلن ہینڈرسن نے کہا ہے کہ فنچ آسٹریلیا کے ’وائٹ بال کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔‘
ایرون فنچ نے آسٹریلیا کی طرف سے ون ڈے میچز میں 5406 اور ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 3120 رنز بنائے ہیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں وہ نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے اور صرف پانچ ہی میچ کھیلے۔
توقع ہے کہ وہ آسٹریلیا کی ڈومیسٹک لیگ میں ٹی20 کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

شیئر: