Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مردان کے قریب پاکستان فضائیہ کا طیارہ حادثے کا شکار، پائلٹ محفوظ

گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاکستان فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاکستان ایئر فورس کا تربیتی مشاق طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا ہے، تاہم حادثے میں دونوں پائلٹ محفوظ رہے ہیں۔
ترجمان پاکستان ایئر فورس کے مطابق بدھ کو ’طیارے نے مردان کے قریب کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ حادثے میں دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاکستان فضائیہ کا تربیتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
ترجمان پاکستان فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے اور زمین پر بھی کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
اس سے قبل مارچ 2022 میں بھی پشاور کے قریب پاکستان فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔
ترجمان پاکستان فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے تھے، تاہم زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
ستمبر 2021 میں بھی پی اے ایف کا ایک تربیتی طیارہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔
پی اے ایف کے ترجمان کے مطابق یہ چھوٹا طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا۔ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا تھا۔

شیئر: