Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور کی نو بالز اور ڈراپ کیچز کے باوجود جیت: ’کراچی کی ٹیم کا کچھ نہیں ہوسکتا‘

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں منگل کی رات کو بابر اعظم کی پشاور زلمی نے عماد وسیم کی کراچی کنگز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے دی تھی۔
پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 بنا سکی تھی۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے جبکہ تجربہ کار شعیب ملک نے بھی 52 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
دوںوں ٹیموں کے درمیان کراچی کے سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ اب بھی سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنا ہوا ہے جس کی وجہ پشاور زلمی کے بولرز کی جانب سے کی جانے والی نو بالز اور فیلڈرز کی جانب سے چھوڑے جانے والے کیچ تھے۔
ولید سلیم نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’پانچ نو بالز، سات وائیڈ بالز اور تین کیچ ڈراپ، پھر بھی زلمی میچ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ کراچی کی ٹیم کا کچھ نہیں ہو سکتا۔‘
حمزہ نامی صارف نے لکھا ’مجھے پشاور زلمی سے زیادہ بُرا بولنگ اٹیک دکھائیں، میں انتظار کروں گا۔‘
پشاور زلمی کی جانب سے خرم شہزاد نے آخری اوور کیا اور اس میں بھی ان سے ایک نو بال ہوگئی۔ اسی طرح ٹیم کے سب سے تجربہ کار بولر وہاب ریاض بھی میچ کے اہم موڑ پر اپنے پاؤں پر قابو نہ رکھ سکے تھے۔
محمد جنید اس حوالے سے لکھتے ہیں کہ ’بابر اعظم، محمد حارث اور ٹام کولر کیڈمور کے علاوہ سب نے پشاور کو میچ ہروانے کی کوشش کی۔‘
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں ہمیں 10 مزید رنز بنانے چاہیے تھے لیکن ہم آخر کے تین اوورز کا استعمال نہیں کر پائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اپنی فیلڈنگ بہتر بنانے کی اور نو بالز کو کنٹرول کرنے کی بھی ضرورت ہے۔‘
پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کولر کیڈمور نے 50 گیندوں پر 92 جبکہ کپتان بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

شیئر: