Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی تیراہ میں دو تیندوے مار دیے گئے، ایک شخص گرفتار

پاکستان کے مختلف حصوں میں تیندوے پائے جاتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں مقامی افراد نے دو تیندووں کو مار دیا ہے۔
جمعے کو وادی تیراہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او مسلم خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ تیندووں نے مویشیوں پر حملہ کیا تھا جس پر مقامی لوگوں نے ان پر فائرنگ کی۔
ایس ایچ مسلم خان کا کہنا ہے کہ ’قبائلی علاقوں کے ضم ہونے کے بعد مقامی افراد کو علم نہیں ہے کہ جنگلی حیات کو مارنا غیرقانونی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس سلسلے میں ایک شخص کو  گرفتار کیا گیا ہے جس نے بتایا ہے کہ تیندووں نے ایک گائے اور بکریوں کو زخمی کیا تھا۔
وادی تیراہ کے مقامی افراد کے مطابق واقعہ 15 فروری کو پیش آیا تھا۔ تیندووں کو زندہ پکڑنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔
تیراہ کے مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی جنگلی جانور آبادی کا رخ کرتے رہے ہیں اور انسانوں اور مویشیوں پر بھی حملے کر چکے ہیں۔
ان کے مطابق یہ تیندوے ہمیں نقصان پہنچاتے ہیں ’مقامی لوگوں کو جنگلی جانوروں سے بچانے کے لیے کوئی انتظام موجود نہیں ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جنگل میں بعض مقامات پر تیندوے دیکھے گئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق تیندووں کو زندہ پکڑنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔ (فوٹو: سکرین گریب)

خیبر وائلڈ لائف ڈویژن کے ایک عہدیدار محمد صدیق آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کے محکمے کی جانب سے ضلع میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے تاہم پچھلے کچھ عرصے سے بدامنی کے باعث یہ سلسلہ معطل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس سٹاف کی بھی کمی ہے تاہم محکمے کی جانب سے کوشش ہوتی ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’قانون کے مطابق اگر تیندوے یا جنگلی حیات کسی انسان کو نقصان پہنچائے تو پھر ان کو مارا جا سکتا ہے لیکن اگر مال مویشیوں کو نقصان پہنچائے تو حکومت کی جانب سے نقصان کی تلافی کی جاتی ہے۔

شیئر: