Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موٹروے سالٹ رینج میں بس حادثہ، مرنے والوں کی تعداد 14 ہو گئی

موٹروے ایم ٹو پر سالٹ رینج پر ماضی میں بھی حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ فائل فوٹو
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور جانے والی بس کو موٹروے پر کلرکہار سالٹ رینج میں بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا ہے جس میں مرنے والے مسافروں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
پیر کی صبح چکوال کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ رات گئے پیش آنے والے حادثے کے زخمیوں میں سے مزید دو دم توڑ گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں 63 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
موٹروے پولیس نے رات گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ حادثہ بس کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے حادثے کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا جس کو بعد ازاں پیر کی صبح کھول دیا گیا۔
چکوال کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں مرنے والے 12 افراد کی لاشیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کی گئیں جن میں سے چھ خواتین ہیں۔

شیئر: