Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گیراج، تھڑا، اصطبل‘ مشہور کمپنیز کا آغاز کہاں سے ہوا؟

سرے برن اور لیری پیج نے 1998 میں اس کا دفتر ایک گیراج سے شروع کیا تھا (فوٹو: گوگل)
اگر دنیا کی کامیاب ترین کمپنیز کے دفاتر یا ان کی تصاویر دیکھ کر آپ کے ذہن میں خیال آتا ہے کہ ان کے پاس شروع سے ہی اچھی عمارات اور سرمایہ تھا تو اپنا خیال بدل لیجیے کیونکہ رپورٹ آگے جا کر آپ کو بڑی کمپنیز کے آغاز کے دنوں کی ایسی تصویر دکھانے والی ہے کہ آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ چند سو ڈالر میں کسی گیراج، بیڈروم اور تھڑے سے اٹھنے والی کمپنیاں آج اربوں ڈالر کی مالک ہیں۔
سیدتی میگزین کی رپورٹ میں مائیکروسافٹ، ایپل، ایمیزون سمیت دوسری ایسی مشہور کمپنیز کے شروع کے ایام کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
مائیکروسافٹ کارپوریشن
طویل عرصے تک دنیا کے امیر ترین رہنے والے شخص بل گیٹس اور پال ایلن نے اس کی بنیاد 1975 میں اپنے گیراج میں رکھی تھی کیونکہ ان کے پاس کام شروع کرنے کے وسائل بہت کم تھے۔

بل گیٹس نے مائیکروسافٹ کی بنیاد 1975 میں اپنے گیراج میں رکھی تھی (فوٹو: مائیکروسافٹ)

یہیں سے انہوں نے اپنا پہلا آپریٹنگ سسٹم لانچ کیا تھا اور سخت محنت کے بعد آج اس مقام پر ہیں صرف بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 100 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
ڈیل کارپوریش

ڈیل کی بنیاد 1984 میں مائیکل ڈیل نے رکھی تھی (فوٹو: ڈیل)

اس کمپنی کی شروعات اس کے بانی مائیکل ڈیل نے 1984 میں اس وقت کی تھی جب انہوں نے اپنی یونیورسٹی کی تعلیم ادھوری چھوڑتے ہوئے ٹیکنالوجی کے میدان میں کچھ کر دکھانے کا خواب دیکھا تھا۔ اس کے چند روز بعد انہوں نے اپنے گیراج میں کمپنی کی بنیاد ڈالی اور آج دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز میں شمار ہوتی ہے۔
گوگل

گوگل کا پہلا دفتر گیراج میں بنایا گیا تھا (فوٹو: گوگل)

یہ بھی ان پلیٹ فارمز میں شامل ہے جن کی ابتدا گیراج سے ہوئی۔ اس کا آغاز سرے برن اور لیری پیج نے 1998 میں کیا تھا اور پانچ ماہ بعد ہی وہاں کاروبار نے ایسی کروٹ لی کہ کچھ عرصہ بعد اسی گیراج کو خریدنے کے لیے ایک ملین ڈالر تک میں خریدنے کی پیشکش کی۔
آج اس کمپنی کی موجودہ مارکیٹ ویلیو 350 ارب ڈالر ہے۔
ایمیزون

ایمیزون نے کام ایک آن لان لائبریری سے شروع کیا تھا (فوٹو: ایمیزون)

اس کی بنیاد جیف بیزوس نے 1994 میں رکھی تھی جو ایک چھوٹی سی آن لائن لائبریری تھی۔
بیزوس واشنگٹن کے بیلیوو میں اپنے گھر کے گیراج سے ایمیزوں کا ابتدائی کاروبار کرتے رہے جو کتابوں سے دوسری چیزوں اور پھر امریکہ سے نکل کر دنیا بھر تک پھیلتا چلا گیا۔
اور آج کمپنی کی مالیت کئی سو ارب ڈالر ہے اور بیزوس دنیا کے امیر ترین شخص بھی رہے۔
ایپل

ایپل کا آغاز سٹیو جابز نے 1975 میں کیا تھا (فوٹو: ایپل)

اس ٹیکنالوجی کمپنی کا آغاز سٹیو جابز اور سٹیو ووزنیاک نے 1975 میں کیا تھا اور ایپل ون ڈیوائس کے 50 یونٹ مقامی طور پر کچھ دکانداروں کو فراہم کرنے کا معاہدہ کیا تھا جس کو 30 روز میں پورا کیا گیا۔ اس کے بعد کمپنی نے مزید ٹیکنالوجیز متعارف کروائیں اور آج دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہے۔
ہیولٹ پیکارڈ (ایچ پی)

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ہیولٹ پیکارڈ (ایچ پی) کا آغاز ایک چھوٹے سے کمرے سے ہوا تھا (فوٹو: ایچ پی)

یہ کمپنی 1939 میں بل ہیولٹ اور ڈیو پیکارڈ نے سلیکون ویلی نام کے ایک چھوٹے سے کمرے شروع کی تھی اور ان دونوں کے پاس صرف 538 ڈالر تھے اور انہی کو استعمال میں لاتے ہوئے کچھ چیزیں متعارف کرائیں اور وہاں سے شروع ہونے والا سلسلہ آج تک جاری ہے اور آج یہ دنیا کی کامیاب ترین کمپنیز میں شامل ہے۔
یانکی کینڈلز

اس کے بانی نے ماں کو تحفے میں دینے کے لیے موم بتیاں بنائیں جو بہت پسند کی گئیں اور کاروبار کا ذریعہ بن گئیں (فوٹو: یانکی کینڈل)

اس کے بانی مائیکل کٹریج کی عمر اس وقت صرف 16 تھی جب انہوں نے اپنے گیراج میں موم بتیاں بنانے کا کام شروع کیا اور پہلی موم بتیاں مدرز ڈے پر اپنی ماں کو تحفے کے طور پر دیں۔
ایک تقریب میں لوگوں نے وہ موم بتیاں دیکھیں تو ان کے لیے بھی بنانے کا کہا اور دو کلاس فیلو بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے اور پھر موم بتیوں کے علاوہ دوسری چیزیں بنانے لگے۔
یہ کمپنی 1969 میں قائم ہوئی امریکہ سمیت دوسرے ممالک کی شاید ہی ایسی کوئی گفٹ شاپ ہو جہاں اس کے آئٹم موجود نہ ہوں۔ 1999 میں مائیکل نے اس کو فروخت کر دیا تھا تاہم یہ آج بھی بہت بڑی کمپنی ہے۔
ڈِزنی کمپنی

1923 میں والٹ ڈزنی نے بھائی کے ساتھ مل کر خاموش فلم کے مناظر گیراج میں فلمائے تھے (فوٹو: ڈزنی)

اس کی ابتدا بھی ایک گیراج سے 1923 میں اس وقت ہوئی تھی جب والٹ ڈزنی، ان کے بھائی رائے اور چچا رابرٹ نے ایک خاموش فلم کے مناظر فلمائے تھے اور آج یہ انٹرٹیمنٹ کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا اور منافع بخش گروپ ہے۔
ہارلے ڈیوڈسن کمپنی

ولیم نے پہلی موٹر سائیکل گھر کے ساتھ بنے تھڑے پر بنائی تھی (فوٹو: ہارلے ڈیوڈشن)

موٹر سائیکلز بنانے والی اس کمپنی کی بنیاد ولیم ہارلے نے 1901 میں گھر کے باہر بنے ایک تھڑے پر رکھی تھی جس کے اوپر لکڑی کا چھوٹا سا شیڈ تھا جہاں انہوں نے اپنے دوست آرتھر ڈیوڈسن کے ساتھ مل کر انجن سے چلنے والی سائیکل کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔
ایک سال بعد ہی یہ کمپنی تھڑے سے اٹھ کر ایک کمرے میں منتقل ہوئی اور اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
میگلائٹ

میگلائٹ کے مالک انتھونی مجلیکا نے صرف 150 ڈالر سے کام شروع کیا تھا (فوٹو: میگلائٹ)

اس کی بنیاد 1950 میں انتھونی مجلیکا نے رکھی اور صرف 150 ڈالر کے سرمائے کے ساتھ بلب اور ٹارچ کی تیاری پر کام شروع کیا تھا جو بعدازاں ایک بہت بڑی کمپنی کے طور پر سامنے آئی۔
میٹل کارپوریشن

میٹل آج باربی ڈولز اور دوسرے کھلونے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے (فوٹو: میٹل)

کھلونے بنانے والی یہ بڑی کمپنی بھی ان کمپنیز میں شامل ہے جن کی ابتدا گیراج سے ہوئی تھی۔ 1969 میں بننے والی اس کمپنی کو ترقی کی منازل طے کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگا اور چند سال بعد ہی باربی ڈولز اور دوسرے کھلونے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی۔
دی لوٹس

لوٹس کے مالک انتھونی بروس نے 1948 میں کمپنی کی پہلی کار ایک اصطبل میں بنائی تھی (فوٹو: لوٹس)

اس کی بنیاد 1948 میں انتھونی کولن بروس نے ڈالی تھی اور ہورنسی ریلوے سٹیشن کے قریب بنے ایک اصطبل میں پہلی لوٹس کار کی تیاری شروع کی تھی۔ یہ بعدازاں بہت بڑی کارساز کمپنی کے طور پر سامنے آئی اور مشہور سپورٹس اور ریسنگ کاریں بنانا شروع کیا۔

شیئر: