Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیف علی خان فوٹوگرافرز سے تنگ، ’بیڈروم میں آجائیں‘

تصاویر بنوانے سے صرف سیف اور کرینہ ہی نہیں بلکہ ان کے بچے بھی تنگ آ جاتے ہیں۔ فائل فوٹو: کرینہ کپور انسٹاگرام
بالی وڈ کے اداکار سیف علی خان پیچھا کرنے والے فوٹوگرافرز سے تنگ آ گئے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ کپور خان کے ہمراہ اداکارہ ملائیکہ اروڑا کی والدہ کی سالگرہ کی پارٹی کے بعد واپس اپنے گھر آئے جہاں انہیں رات گئے فوٹوگرافرز نے گھیر لیا۔
اس دوران جب فوٹوگرافرز نے مزید تصاویر کھینچنے کے لیے انہیں پکارا تو سیف علی خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ایسا کریں آپ ہمارے بیڈ روم میں آ جائیں۔‘
تصاویر بنوانے سے صرف سیف اور کرینہ ہی نہیں بلکہ ان کے بچے بھی تنگ آ جاتے ہیں۔
ایک مرتبہ سیف علی خان نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے بیٹے تیمور کو تصاویر بنوانا بالکل پسند نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہاں اس نے مجھے خود بتایا تھا کہ تصاویر نہیں بنوانی۔ تصاویر بنوانے پر وہ غصے میں آ جاتا ہے۔ اسے افراتفری نہیں پسند۔ مجھے بہت اچھا لگے گا کہ تیمور عام بچوں کی طرح بڑا ہو۔ خوش قسمتی سے وہ بہت معصوم اور عام سا ہے۔ لیکن میں مزید خوش ہوں گا اگر وہ ایک عام اور گمنام بچے کی طرح زندگی گزارے۔‘
بالی وُڈ کے ستاروں کی ہر موقع پر تصاویر بنانے والے فوٹوگرافرز (پاپا رازی) کو سیف کچھ اچھا نہیں سمجھتے تاہم وہ کسی کے روزگار کو ختم کرنے کے بھی خلاف ہیں۔
سنہ 2019 میں انہوں نے اس بارے میں کہا تھا کہ ’پولیس نے کسی کی شکایت کے بعد فوٹوگرافرز کو ہٹایا ہے۔ میں نے ایسا نہیں کیا، میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے ان کی موجودگی کا احساس نہیں ہوتا کہ 10 لوگ آپ کے گھر کے باہر ہر وقت کھڑے رہیں تاکہ وہ آپ کے بچوں کی تصاویر کھینچ سکیں، جو کہ بری بات ہے۔ میں نے پولیس میں شکایت نہیں کی کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے کسی کا روزگار ختم ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’براہ کرم تیمور کا پیچھا نہ کریں۔ وہ سٹار نہیں ہے۔ وہ چھوٹا بچہ ہے۔‘

شیئر: