Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب میں قوانین اور ضوابط کے ذریعے خواتین کے حقوق کا تحفظ‘

خواتین نے عدالتی عمل سمیت تمام شعبوں میں اپنی اہمیت منوا لی ہے ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود بن عبداللہ المعجب نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں مبنی بر انصاف قوانین اور ضوابط کے ذریعے خواتین کے حقوق اور حیثیت کا تحفظ کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’سماجی فرائض کی ادائیگی میں سعودی خواتین کا کردار اہم اور موثر ہے‘۔
’ سعودی قیادت نے خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں شریک کرنے کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔  پورا بھروسہ ہے کہ سعودی خواتین منفرد استعداد اور قابلیت کی مالک ہیں‘۔
سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ ’خواتین نے پر سطح پر خود کو منوا لیا ہے۔ ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں میں اپنی کارکردگی کے ذریعے سعودی عرب کا سر بلند کیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ سعودی معاشرے کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ معاشرے کے تمام افراد کو وہ مرد ہوں یا خواتین انہیں آگے بڑھنے میں تعاون کیا جائے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ خواتین نے عدالتی عمل سمیت ان تمام کاموں میں جو انہیں سپرد کیے گئے اپنی اہمیت منوا لی ہے‘۔
‘خواتین نے عدالتی امور مہارت، انفرادیت اور عمدگی سے انجام دیے۔ خواتین کے حوالے سے جو اہداف مقرر کیے گئے تھے وہ انہوں نے پورے کیے‘۔
شیخ سعود  المعجب کا کہنا تھا کہ’ اسلام نے خواتین کو بڑی اہمیت دی ہے۔ سعودی ریاست نے اسلام کی جانب سے دیے گئے حقوق خواتین کو دلانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’معاشرے کے تمام افراد کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے سلسلے میں شاندار کردار پر سعودی قیادت کے لیے دعا گو ہیں‘۔

شیئر: