Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان کے صوبہ بلخ کے گورنر بم دھماکے میں ہلاک: پولیس

طالبان نے اگست 2021 میں افغانستان کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کے صوبہ بلخ کے گورنر اور طالبان کے ایک اہم کمانڈر اپنے دفتر میں ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
بلخ کے پولیس ترجمان آصف وزیری نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’صبح گورنر محمد داؤد مزمل سمیت دو افراد دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا واضح نہیں کہ دھماکہ کس چیز سے ہوا۔
محمد داؤد مزمل طالبان کے ان اہم رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن کو ہلاک کیا گیا ہے۔
طالبان نے اگست 2021 میں افغانستان کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔
ان کو پہلے مشرقی صوبے ننگرھار کا گورنر تعینات کیا گیا تھا جہاں انہوں نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کارروائیوں کی سربراہی کی۔
فی الحال دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔
افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد تشدد میں واضح کمی رپورٹ ہوئی ہے تاہم داعش کی جانب سے متعدد حملوں کے بعد سکیورٹی صورتحال خراب ہوئی ہے۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ کیا کہ ان کو ’اسلام کے دشمنوں نے شہید کر دیا ہے۔‘
گزشتہ سال سے طالبان کے لیے داعش سب سے بڑا سکیورٹی چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ داعش نے افغان شہریوں اور غیرملکیوں پر حملے کیے ہیں۔

شیئر: