Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلمے خلیل زاد کے بیان پر پاکستان کا ردعمل سامنے آ گیا

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ ’رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنا، سزائیں دینا اور قاتلانہ حملے کرنا غلط راستہ ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی لیکچر کی ضرورت نہیں ہے۔
زلمے خلیل زاد نے گزشتہ روز پاکستان کی موجودہ صورتحال پر کہا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید پیچیدہ ہو گا۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان کو موجودہ حالات پر قابو پانے کے لیے کسی کے لیکچر یا غیرضروری مشورے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستانی قوم موجودہ مشکل صورتحال سے مضبوط بن کر نکلے گی‘
زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ ’پاکستان کو تین طرح کے بحرانوں کا سامنا ہے جو سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے ہیں۔ بے پناہ صلاحیت کے باوجود یہ اپنے حریف انڈیا سے پیچھے جا رہا ہے۔ یہ غور و فکر، دلیرانہ سوچ اور حکمت عملی مرتب کرنے کا وقت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنا، سزائیں دینا اور قاتلانہ حملے کرنا غلط راستہ ہے۔ عمران خان کو گرفتار کرنے سے بحران مزید گہرا ہو گا۔ سنگین صورتحال سے بچنے کے لیے جون کے آغاز میں عام انتخابات کروائے جائیں۔ جو جماعت الیکشن جیتے گی اسے کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لیےعوامی مینڈیٹ حاصل ہو گا۔‘

شیئر: