Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ایس ایل کا بہترین کپتان کون، یہ بحث آج ختم،‘ لاہور قلندرز کی جیت پر تبصرے

لاہور قلندرز کی ٹیم لگاتار دو مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے فائنل میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز کی ٹیم مسلسل دوسری بار چیمپین بن گئی۔
سنیچر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 199 رنز بنا سکی اور ایک رن سے یہ میچ ہار گئی۔
لاہور قلندرز کی جیت پر ٹیم کے پرستار جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور اس کامیابی کا بڑا کریڈٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو دے رہے ہیں جنہوں نے فائنل میں شاندار آلراؤنڈ کارکردگی دکھائی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں پانچ چھکے بھی شامل تھے۔ بولنگ میں لاہور قلندرز کے کپتان مہنگے ثابت ہوئے اور 51 رنز دیے لیکن انہوں نے چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔
شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے بحیثیت کپتان دو بار ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ایئن بشپ نے لاہور قلندرز کو مبارک باد دیتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو ’بہترین لیڈر‘ قرار دیا۔
یحییٰ نامی صارف نے لکھا کہ ’پی ایس ایل کا بہترین کپتان کون ہے یہ بحث ہی آج ختم ہوگئی۔ وہ شاہین شاہ آفریدی ہیں۔‘
لاہور قلندرز کے فینز ایک اور کھلاڑی کی تعریفوں میں پیش پیش ہیں اور وہ ہیں آخری اوور کروانے والے زمان خان جنہوں نے ملتان سلطانز کی ٹیم کو 13 رنز نہیں بنانے دیے۔
ہارون نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہاں کی گلیوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ زمان خان نے لاہور قلندرز کے لیے لیے ٹرافی جیتی تھی۔‘
کرکٹ پر لکھنے والے صحافی عماد حمید نے ایک ٹویٹ میں زمان خان کے بارے میں لکھا کہ ’اب تک انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا پھر بھی تجربہ 20 برسوں کا ہے۔‘
انہوں نے نوجوان فاسٹ بولر کو آخری اوور کروانے کا سپیشلسٹ قرار دیا۔

شیئر: