Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مارٹن گپٹل پی ایس ایل میں صرف کراچی کے بولرز کو مارنے آیا ہے‘

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 56 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے بھی ان کا ساتھ خوب نبھاتے ہوئے 25 گیندوں پر 29 رنز سکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 ویں اوور تک کمزور دکھائی دی تاہم عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد سرفراز احمد اور مارٹن گپٹل کی میچ وننگ پارٹنرشپ نے ٹیم کی کشتی کو کنارے لگا دیا۔
سرفراز احمد اور مارٹن گپٹل نے چھٹی وکٹ کے لیے 57 گیندوں پر 97 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر سرفراز احمد رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے جس کے بعد ڈیوائن پریٹوریس نے 3 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوا دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائٹس حاصل کر لیے ہیں جس کے بعد سرفراز احمد کی ٹیم کے پاس ابھی بھی پلے آف راؤنڈ کھیلنے کا چانس ہے۔
مارٹن گپٹل اور سرفراز احمد کی شراکت کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے لکھا کہ ’63 سکور پر 5 وکٹوں کے بعد میچ جتوانے کے لیے مارٹن گپٹل نے اپنے ہاتھ میں تباہی لے لی۔‘
عامر ملک نے پارٹنرشپ کے بارے میں ٹویٹ کی کہ ’کراچی کی جانب سے آخر میں بری بولنگ کی گئی لیکن آپ کو مارٹن گپٹل کی اننگز کی داد دینا پڑے گی جنہیں سرفراز کا بھی اچھا ساتھ ملا۔ یہ ویسے ٹورنامنٹ میں شریک دو ناقص ترین ٹیموں کی لڑائی تھی۔‘
ٹوئٹر ہینڈل پاک بی اے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’مارٹن گپٹل اس پی ایس ایل میں صرف کراچی کے بولرز کو مارنے آیا ہے۔
دانش نے مارٹن گپٹل کی کراچی کنگز کے خلاف رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی پر لکھا کہ ’پی ایس ایل 8 میں مارٹن گپٹل نے 250 رنز بنائے ہیں جس میں 203 رنز کراچی کنگز کے خلاف سامنے آئے۔ یہ ایک فرنچائز کے خلاف ان کے 81 فیصد رنز ہیں۔‘
شاہ زیب علی دلچسپ انداز میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’مارٹن گپٹل کے نام نیا ناظم آباد میں ایک پلاٹ۔ شاباش گپی۔‘
 

شیئر: