انڈسٹری میں آئی تو لوگوں نے کہا ناک کی سرجری کروا لو: ماہرہ خان
انڈسٹری میں آئی تو لوگوں نے کہا ناک کی سرجری کروا لو: ماہرہ خان
اتوار 19 مارچ 2023 17:42
آرٹس کونسل کراچی میں ایک شام ماہرہ خان کے نام سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی انور مقصود نے کی۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ جب وہ شوبز انڈسٹری میں آئیں تو لوگوں نے انہیں ناک کی سرجری کروانے کا مشورہ دیا جسے انہوں نے رد کر دیا۔
اتوار کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایک شام ماہرہ خان کے نام سے تقریب کا اہتمام کیا گیا اور اس نشست کی میزبانی معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کی۔
انور مقصود نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ آپ میں اور شاہ رخ خان میں سوائے ناک کے اور کیا کامن ہے؟‘
ماہرہ خان نے کہا کہ ’میں جب انڈسٹری میں آئی تو لوگوں نے کہا کہ ناک کی سرجری کروا لو۔ میں نے کہا کہ کبھی نہیں، اگر ناک کٹوا دی تو کیا فائدہ۔‘
انور مقصود نے پوچھا کہ وہ سیاسی جماعتوں میں کس کے ساتھ ہیں تو ماہرہ خان نے جواب دیا کہ ’میں پٹھان کی طرف ہوں۔ میری خواہش ہے کہ کوئی بھی لیڈر آئے ایماندار آئے۔‘
اس پر انور مقصود نے کہا کہ ’ایک ایماندار سب کو بے ایمان کر سکتا ہے۔‘
اداکاری کے حوالے سے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’میری بچپن سے خواہش تھی کہ اداکارہ بنوں۔ میری نانی کو اس بات پر اعتراض تھا۔ مجھے وی جے بننے کی آفر ہوئی تو کہا کہ مجھے فلموں میں کام کرنا ہے۔ وی جے بننے کے لیے گھر والوں سے اجازت لی۔‘
’شعیب منصور کی کال آئی تو یقین نہیں آیا۔ شعیب منصور نے فلم بول کے لیے آفر دی۔‘
ان سے پوچھا گیا کہ انڈیا میں کام کرنا کیسا لگا تو ماہرہ خان نے کہا کہ ’مجھے بہت اچھا لگا انڈیا میں کام کر کے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا میرا خواب تھا۔‘
ماہرہ خان نے کہا کہ ’پرانے گانے سنتی ہوں۔ ۔یہ میرا شوق ہے۔ پاکستانی صوفی کلام بہت پسند ہے۔ ہندوستان میں مجھے رفیع صاحب کے گانے بہت پسند ہیں۔ مجھے گیتا دت کے گانے بہت پسند ہوتے ہیں۔‘
’میں جب کالج گئی اپنے ساتھ دو ڈی وی ڈیز لے کر گئی۔ ایک گرو دت کی پیاسا اور دوسری آنگن ٹیڑھا۔ میں جب اداس ہوتی تھی تو آنگن ٹیڑھا دیکھا کرتی تھی۔‘