کس ایئرلائن اور ایئرپورٹ کے خلاف مسافروں نے سب سے کم شکایات کیں؟
سب سے کم شکایات جدہ ایئرپورٹ کے حصے میں آئی ہیں (فوٹو اخبار 24)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ فروری 2023 کے دوران مملکت میں کام کرنے والی فضائی کمپنیوں کے خلاف چھ سو شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ سب سے کم شکایات السعودیہ کی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق فضائی کمپنیوں اور ائیرپورٹس کی درجہ بندی کے انڈیکس کے مطابق فی ایک لاکھ مسافروں میں سے 12 نے سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کی سروس کے حوالے سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ السعودیہ کی انتظامیہ 98 فیصد شکایات ریکارڈ وقت میں نمٹا دیں۔
السعودیہ کے بعد کم شکایات کے حوالے سے ناس ایئر دوسرے نمبر پر رہی جس پر فی لاکھ پر 21 مسافروں نے ناگواری کا اظہار کیا۔ ناس ایئر انتظامیہ نے 51 فیصد شکایات حل کردیں۔
ادیل ایئر (فلائی اے ڈیل) تیسرے نمبر پر رہی جس کے خلاف ایک لاکھ مسافروں میں سے 26 نے شکایات پیش کیں۔ ادیل ایئر نے 92 فیصد شکایات نمٹا دیں۔
فروری کے دوران سب سے زیادہ شکایات لگیج، پروازوں اوراس کے بعد ٹکٹوں کے حوالے سے کی گئی ہیں۔
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ سعودی ایئرپورٹس میں سب سے کم شکایات کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کے حصے میں آئیں۔ فی لاکھ مسافروں میں سے ایک فیصد نے شکایات درج کرائیں۔ یہ ریکارڈ ان ایئرپورٹس کا ہے جن سے سالانہ ساٹھ لاکھ سے زیادہ افراد سفر کررہے ہیں۔ کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کے خلاف 21 شکایات درج کرائی گئیں جن میں سے 71 فیصد نمٹا دی گئیں۔
سالانہ 60 لاکھ سے کم مسافروں والے ایئرپورٹس میں امیر سلطان بن عبدالعزیز ایئرپورٹ کم شکایات کے حوالے سے پہلے نمبر پر رہا۔ اس کے خلاف فی لاکھ مسافروں میں سے ایک فیصد نے شکایت درج کرائی سو فیصد شکایات حل کی گئی ہیں۔
سعودی عرب کے نیشنل ایئرپورٹس میں نجران ایئرپورٹ کم شکایات کے انڈیکس میں پہلےنمبر پر رہا اس کے خلاف ایک لاکھ مسافروں میں سے دو فیصد نے شکایات درج کرائیں جنہیں حل بھی کردیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں