Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے ’مرافقین‘ کے لیے روزگار کی سہولت؟

وزیر افرادی قوت کو روزگار کی کارروائی منظم کرنے کا اختیار دیا گیا ہے( فوٹو:عکاظ)
سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے ہمراہ رہنے والے’ مرافقین‘ کو ملازمت کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو ان کے روزگار کی کارروائی منظم کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ 
یاد رہے کہ سعودی قانون محنت اور قانون اقامہ میں دو تعبیریں استعمال ہوتی ہیں۔ مرافق (مذکر)، مرافقہ (مونث) کی ہوتی ہے جس سے  مقیم غیرملکی کا وہ بھائی یا بیٹا مراد ہوتا ہے جس کی عمر 18 برس سے زیادہ ہو اسی میں غیر ملکی کی ماں شامل ہوتی ہے۔ 
دوسری تعبیر (تابع) کی استعمال کی جاتی ہے اس سے مراد 18 برس سے کم عمر کی اولاد اور بیوی ہوتی ہے۔ 
عکاظ کے مطابق سعودی سرکاری گزٹ ام القری نے جمعے کو اس حوالے سے سعودی کابینہ کی جانب سے جاری کردہ قانون شائع کیا ہے۔ 
ام القری گزٹ میں کہا گیا کہ ’سعودی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیر صدارت اجلاس میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی سفارش پر وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو یہ اختیار تفویض کیا ہے کہ وہ مملکت میں قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے ہمراہ رہائش پذیر افراد کے روزگار کو منظم کریں‘۔
’ان پیشوں اور اقتصادی سرگرمیوں کا دائرہ متعین کریں جن میں مقیم غیرملکیوں کے ہمراہ رہائش پذیر افراد کو روزگار کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے  سے پہلے سے مقرر ضوابط کو مدنظر رکھا جائے‘۔ 

شیئر: